خشک سالی سے بچنے کے لیے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے، صدر مملکت

ویب ڈیسک  جمعـء 17 جون 2022
کئی ممالک موسمیاتی تبدیلیوں، جنگلات کی کٹائی اور غیر متوقع بارشوں کا سامنا کر رہے ہیں، ڈاکٹر عارف علوی (فوٹو فائل)

کئی ممالک موسمیاتی تبدیلیوں، جنگلات کی کٹائی اور غیر متوقع بارشوں کا سامنا کر رہے ہیں، ڈاکٹر عارف علوی (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سمیت دیگر اقدامات سے خشک سالی جیسی آفات سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔

صحرا اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم خشک سالی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔ پاکستان سمیت بہت سے ممالک موسمیاتی تبدیلیوں، جنگلات کی کٹائی، کم اور غیر متوقع بارشوں کا سامنا کر رہے ہیں ۔

ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی دن کی مناسبت سے مزید کہا کہ ملک بھر میں جنگلات کے رقبے کو بڑھانے کی ضرورت ہے ، خشک سالی کے اثرات کو پانی کے وسائل میں اضافہ کر کے کم کیا جا سکتا ہے ۔ اس سلسلے میں ہمیں چھوٹے ڈیم، تالاب اور کنویں، پانی کی مناسب تقسیم سمیت شجرکاری پر بھرپور توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

خشک سالی سے نمٹنے کے لیے زمینی پانی میں اضافے ، مزید ذخائر کی تعمیر ، پانی کی دستیابی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خشک سالی کم کرنے کے لیے 10 لاکھ  ہیکٹر  رقبے پر 3.29 ارب پودے لگا رہا ہے ۔وفاقی و صوبائی سطح پر خشک سالی سے نمٹنے کے لیے مؤثر  پالیسیاں اپنانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے تحفظ خوراک کو یقینی بنانے کے لیے پوری دنیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔