سعودی عرب سے حج کی براہ راست پروازوں کیلیے بات چیت کر رہے ہیں اسرائیل

اسرائیل کی 18 فیصد آبادی مسلمان ہیں جو حج پر جانے کے لیے تیسرے فریق ملک کی پرواز استعمال کرتے ہیں


ویب ڈیسک May 03, 2023
اسرائیل نے براہ راست حج پرواز کے لیے سعودی عرب سے درخواست کردی، فوٹو: فائل

اسرائیل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے لیے ممکنہ براہ راست حج پروازوں کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ حج کی براہ راست پروازوں کے لیے سعودی عرب کو درخواست جمع کرائی ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ تاہم ابھی یہ مسئلہ زیر بحث ہے اور میں اس وقت یہ نہیں بتا سکتا کہ کیا کوئی پیش رفت ہوئی ہے تاہم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے سے متعلق میں کافی پُر امید ہوں۔

اگر سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کو حج کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل جاتی ہے تو یہ پروازیں آئندہ ماہ جون سے اگست تک فعال ہوجائیں گی اور اس سے اسرائیل میں رہنے والے 18 فیصد مسلم آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔

یاد رہے کہ سابق اسرائیلی وزیر اعظم یائر لیپیڈ نے بھی گزشتہ برس سعودی عرب سے حج کی براہ راست پروازوں کے لیے درخواست کی تھی جب کہ ایک امریکی حکام نے بھی نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر اسرائیل کو براہ راست پروازوں کو اجازت مل جائے گی۔

تاہم سعودی عرب نے رابطہ کرنے پر براہ راست حج پروازوں سے متعلق اسرائیل کی درخواست پر رائٹرز کو مؤقف دینے سے انکار کردیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین سے مسلمان اس وقت تیسرے فریق ممالک کے ذریعے مکہ جاتے ہیں، جو اضافی اخراجات اور پریشانی کا باعث بنتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں