فخر زمان آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کیلئے نامزد

فخر زمان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میں سنچریاں اسکور کیں


ویب ڈیسک May 03, 2023
فوٹو: پی سی بی

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر فخر زمان کو اپریل 2023 کے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کیلئے نامزد کردیا گیا ہے، اپریل کے مہینے میں فخر زمان نے دو سنچریاں اسکور کیں۔

29 اپریل کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی جاری ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں فخر زمان نے مخالف ٹیم کے 337 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بطور اوپنر ناقابل شکست 180 رنز بناکر میچ میں پاکستان کو کامیابی دلائی جس کی بدولت پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔

اس میچ میں فخر زمان نے اپنے دوسرے سب سے زیادہ ون ڈے ہدف کا تعاقب کیا، فخر نے اپنی اننگز میں 17 چوکے اور 6 چھکے بھی لگائے جس کی بدولت پاکستان نے بڑا ہدف 10 گیند قبل ہی حاصل کرلیا۔

اس سے قبل 27 اپریل کو پنڈی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں بھی فخر زمان نے سنچری اسکور کی، فخر زمان نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 114 گیندوں پر 117 رنز بنائے اور پاکستان کو 289 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، اس میچ میں فخر زمان اپنی ٹیم کو جیت کے قریب پہنچانے کے بعد 43 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے تھے۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر فخر زمان نے اپریل کے مہینے نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں پہلے T20I میں تیز رفتار 47 رنز بھی بنائے جس میں پاکستان نے 88 رنز کیساتھ فتح حاصل کی، پاکستانی اوپنر کے پاس اب اپنے 67 میچوں کے کیریئر میں 49.71 کی اوسط سے 3082 ون ڈے رنز اور تقریباً 95 کا اسٹرائیک ریٹ ہے۔

پرابتھ جے سوریا (سری لنکا)

سری لنکا کے اسپنر پرابتھ جے سوریا نے سات ٹیسٹ میچوں میں 50 وکٹیں مکمل کرکے فارمیٹ کی تاریخ میں کسی بھی دوسرے اسپنر کے مقابلے کم میچوں میں اس نمبر تک پہنچنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ پرابتھ جے سوریا نے گال میں آئرلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔

پرابتھ جے سوریا نے اپریل میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی اننگز میں 52 رنز دیکر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دوسری اننگز میں مزید 3 کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھی پرابتھ جے سوریا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، اپنے ساتویں ٹیسٹ میچ میں 50 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرکے جے سوریا نے اسپنر الف ویلنٹائن کا ریکارڈ چھین لیا۔

مارک چپمین (نیوزی لینڈ)

پلیئر آف دی منتھ کیلئے نیوزی لینڈ کے مارک چپمین کو بھی نامز د کیا گیا ہے جنہوں نے پاکستان کے خلاف T20I سیریز میں شاندار پرفارمنس پیش کی جس سے نیوزی لینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز برابر کرنے میں مدد ملی۔

مارک چپمین نے چوتھے اور پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں بالترتیب 42 گیندوں پر 71 رنز اور 57 گیندوں پر 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر دو طرفہ سیریز میں 290 رنز بنائے۔

مارک چپمین نے سیریز کے پہلے میچ میں 27 گیندوں پر 34 رنز بنائے، دوسرے میچ میں 40 گیندوں پر 65 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے اور تیسرے میچ میں 16 رنز بناسکے۔

پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل پاکستان اور نیوزی لینڈ کی یہ سیریز دو، دو سے برابر ہوگئی، سیریز کا ایک میچ بارش کی وجہ سے سے بے نتیجہ رہا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں