اپٹما کا بجٹ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے104 ارب مختص کرنے کا مطالبہ
گیس فراہمی کے لیے 40 ارب اور مسابقتی نرخوں پر بجلی فراہمی کے لیے 64 ارب روپے مختص کیے جائیں، اپٹما
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ سے ملاقات کی جس میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے 104 ارب روپے مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
وفد نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گیس فراہمی کے لیے 40 ارب اور مسابقتی نرخوں پر بجلی فراہمی کے لیے 64 ارب روپے مختص کیے جائیں۔
اپٹما کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے فنڈز مختص نہ کرنے سے بڑا نقصان ہوگا، مسابقتی نرخوں پر بجلی اور گیس نہ ملنے سے برآمدات کم ہوں گی جس سے ملک میں بے روزگاری بڑھے گی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخ جاری رکھے جائیں۔
خیال رہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخوں کی میعاد 30 جون کو ختم ہورہی ہے۔