وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات، وعدوں کو پورا کرنے کی یقین دہانی

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 جون 2023
وزیراعظم کی آئی ایم ایف ہیڈ سے ملاقات کی ایک تصویر (فوٹو : ٹوئٹر)

وزیراعظم کی آئی ایم ایف ہیڈ سے ملاقات کی ایک تصویر (فوٹو : ٹوئٹر)

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی ایم ڈی کے درمیان پیرس میں آج تیسری ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے کے عزم کو دہرایا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے پیرس میں لندن روانگی سے پہلے ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔ پاکستان کی معاشی حقیقتوں سے متعلق غور کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کی سوچ کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی تمام کمٹمنٹس کو پورا کرنے کا جذبہ اور عزم رکھتا ہے، پاکستان کو شدید معاشی چیلنجز سے نکلنے میں دنیا کی معاونت کی قدر کرتے ہیں، سیلاب نے معاشی مشکلات کو مزید مشکل بنایا لیکن پاکستان نے اس کے باوجود اپنے عوام کو ریلیف دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو ریلیف ملنا ان کا حق ہے، معاشی مشکلات نے عوام کو بہت زیادہ تکلیف میں مبتلا کیا جو ان کی برداشت سے باہر ہے، عوام کے ریلیف اور معاشی حقائق کے درمیان توازن چاہتے ہیں، معیشت کو واپس گروتھ کے راستے پر لانا آئی ایم ایف اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے۔

یہ پڑھیں : آئی ایم ایف کے ساتھ آج مذاکرات میں  بریک تھرو کا امکان

 

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چار سال کی معاشی بدحالی کی بحالی کے لئے ناگزیر اقدامات لینا ہوں گے، معاشی بحالی سے آئی ایم ایف اہداف کو بہتر طور پر حاصل کیا جا سکتا ہے، پاکستان ہمیشہ کی طرح عالمی برداری کے ساتھ اپنے عزم اور وعدوں کی تکمیل پر پورا اترتا رہے گا۔

آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے وزیر اعظم شہباز شریف کے پاکستان کے لئے عزم کو سراہا اور کہا کہ آپ نے مشکل حالات میں ذمہ داری سنبھالی لیکن آپ بہتری لانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔