ورلڈکپ؛ پاک بھارت میچ کے باعث ہوٹلوں کے کرائے میں کئی گُنا اضافہ

ویب ڈیسک  اتوار 2 جولائی 2023
ڈیلکس کمرے کی قیمت 5 ہزار 699 روپے سے بڑھ کر 71 ہزار 999 بھارتی روپے تک پہنچ گئی (فوٹو: فائل)

ڈیلکس کمرے کی قیمت 5 ہزار 699 روپے سے بڑھ کر 71 ہزار 999 بھارتی روپے تک پہنچ گئی (فوٹو: فائل)

پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ 2023 کے میچ کے باعث ہوٹلوں کے کرائے میں کئی گُنا اضافہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی جانب سے ون ڈے ورلڈکپ شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 15 اکتوبر کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی تاہم اس سے قبل ہوٹلز کے کرائیوں میں معمول سے 10 سے 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاک بھارت میچ کے دوران ہوٹلز بکنگ کی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹلز کے ڈیلکس کمرے کی قیمت 5 ہزار 699 روپے سے بڑھ کر 71 ہزار 999 بھارتی روپے تک پہنچ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاک بھارت مقابلے کیلئے احمد آباد کا متبادل وینیو کون سا ہوگا؟

اس طرح ایس جی ہائی وے پر واقع رینیسنس احمد آباد ہوٹل نے میچ کے روز کمرے کی بکنگ 8 ہزار سے بڑھا کر 90 ہزار 679 بھارتی روپے تک کردی ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں ورلڈکپ؛ پاکستانی ماتھے پر تشویش کی لکیریں نمایاں ہو گئیں

احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، تاہم ٹکٹوں کی بکنگ کے حوالے سے ابھی اعلان ہونا باقی ہے۔

میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں کوالیفائر ون کے خلاف میچ سے کرے گا۔

شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کوالیفائر ٹو سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ وارم اَپ میچز کے حوالے سے آئی سی سی نے پاکستان کا مطالبہ تسلیم کرلیا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔

گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا جبکہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اُترے گی۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آباد نریندر مودی میں کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔