عامر خان کی مشہور فلم لگان کے آرٹ ڈائریکٹر کی اسٹوڈیو سے لاش برآمد
نتن چندراکانت دیسائی نے 1987 میں بطور اسسٹنٹ آرٹ ڈائیریکٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا
بالی ووڈ کے مشہور پروڈکشن ڈیزائنر نتن چندراکانت دیسائی کی اسٹوڈیو سے لاش برآمد ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے اسٹوڈیو سے لگان جیسی مشہور بالی ووڈ فلموں کے 58 سالہ آرٹ ڈائریکٹر اور پروڈکشن ڈیزائنر نتن چندراکانت دیسائی کی لاش اسٹوڈیو میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔
پولیس کے مطابق نتن چندراکانت دیسائی کی موت کی وجہ جاننے کیلئے تفتیش کی جارہی ہے تاہم پولیس کو شبہ ہے کہ چندراکانت نے خودکشی کی ہے۔
یاد رہے کہ نتن چندراکانت دیسائی نے 1987 میں چھوٹے پردے سے بطور اسسٹنٹ آرٹ ڈائیریکٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد 1999 میں سلمان خان کی سپر ہٹ فلم 'ہم دل دے چکے صنم' سے انہوں نے بالی ووڈ فلموں میں بطور آرٹ ڈائریکٹر کام کیا۔
نتن چندراکانت دیسائی کی کامیاب ترین فلموں میں 'لگان' 'سوادیس' 'جودھا اکبر' 'دیوداس' 'پریم رتن دھن پایو' اور 'ہم دل دے چکے صنم' شامل ہیں۔