بچی پر تشدد ملزم جج ہو یا کوئی اوراس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے مریم نواز

یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کی حفاظت اور تعلیم و تربیت ریاست اور ہماری ذمے داری ہے، رہنما ن لیگ


ویب ڈیسک August 03, 2023
رضوانہ کی حالت بہت زیادہ خراب ہے، اس کے جسم کو تیزاب سے جلایا گیا، ہاتھ توڑدیے گئے، رہنما ن لیگ (فوٹو: ایکسپریس )

پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے لاہور جنرل اسپتال میں تشدد کا شکار کم سن بچی رضوانہ کی عیادت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کم سن بچی رضوانہ سے ملاقات ہوئی جو حالت تصاویر اور ویڈیو میں دیکھی اس کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، رضوانہ کے جسم کو تیزاب سے جلایا گیا جس کی وجہ سے جسم پر بڑے بڑے سوراخ ہوگئے ہیں۔

انہوں کہا کہ رضوانہ کے ہاتھ ڈنڈوں سے تشدد کرکے توڑے گئے، بچی کے دانت بھی ڈنڈے مار کر توڑ دیے گئے۔

مریم نواز کے مطابق کم عمر بچی نے بتایا کہ میرا سر دیوار سے مارا جاتا تھا، بچی سے پوچھا چھ ماہ سے تشدد ہوا تو بولی کیوں نہیں اس پر بچی نے کہا کہ وہ کہتے تھے کہ اگر تشدد کا کسی کو بتائو گی تو تیسری منزل سے نیچے پھینک دیں گے۔

رہنما مسلم لیگ ( ن ) نے کہا کہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کی حفاظت اور تعلیم و تربیت ریاست اور ہماری ذمے داری ہے۔

میرے لیے تکلیف دہ بات ہےایسی کئی رضوانہ ہیں جو خوف و ڈر کی وجہ سے خاموش ہیں اور ان پر ہونے والے مظالم کا کسی کو علم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت سے درخواست ہے کہ ( رضوانہ پر تشدد کا ) ملزم جج ہو یا کوئی اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ اسپتال میں کھڑی ہوں فی الحال سیاسی معاملے پر بات نہیں کروں گی، میرے دورے کا مقصد رضوانہ پر ہونے والے ظلم کو سامنے لانا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں