الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ سے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لیں
اراکین پارلیمنٹ کو 31 دسمبر 2023ء تک زیر کفالت اہل خانہ اور اہلیہ کے گوشوارے بھی جمع کرانے کی ہدایت
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تمام پارلیمنٹ کے اراکین سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں جبکہ انہیں زیر کفالت اہل خانہ کے گوشوارے بھی جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کے ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مالی سال 2023-2022 کے گوشوارے 31 دسمبر 2023ء تک الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں۔
اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیرکفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرائیں، مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے نام شائع کئے جائیں گے اور ایسے ممبران کی رکنیت 16 جنوری تک معطل کردی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ غلط گوشوارے جمع کرانے پر متعلقہ ارکان کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کاروائی ہوگی۔