ڈاؤن سنڈروم بچوں کی تربیت کے حوالے سے چند رہنما اصول

ایسے بچوں کی دیکھ بھال اور تربیت میں بہن بھائیوں کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہوتا ہے جتنا والدین کا


ویب ڈیسک August 05, 2023

ڈاؤن سنڈروم والے بچوں کی تربیت کے لیے صبر، سمجھ بوجھ اور ان کی غیرمعمولی ضروریات کو پورا کرنے اور صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے دیگر بچوں کی بنسبت مختلف انداز اپنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے بچوں کی دیکھ بھال سے متعلق چند رہنما اصول درج ذیل ہیں:

1) ابتدائی تھیراپی: ابتدائی تھیراپی جیسے کہ اسپیچ تھیراپی، فزیکل تھیراپی اور پیشہ ورانہ تھیراپی ڈاؤن سنڈروم کے شکار بچوں میں مہارتیں پیدا کرنے اور ان کی علمی ترقی میں مدد کر سکتی ہیں۔

2) جامع تعلیم: جب بھی ممکن ہو ان کا جامع تعلیمی سرگرمیوں میں اندراج کرائیں اور اگر ہوسکے تو انہیں مخصوص اسکول میں داخلہ کرائیں۔ اس سے نہ صرف ان کی مثبت ذہن سازی ہوگی بلکہ سماجی تعامل اور ہنر کی نشوونما ہوگی۔

3) صحت کی دیکھ بھال اور باقاعدہ چیک اپ: ایسے بچوں کی صحت اور اس سے متعلق کسی بھی طبی خدشات کو دور کرنے کیلئے بروقت اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے طبی پیشہ ور افراد کے ساتھ باقاعدہ طبی معائنہ اور مشاورت ضروری ہے۔

4) منظم معمولات اور مستحکم روابط: ڈاؤن سنڈروم والے بچے اکثر واضح معمولات کے ساتھ منظم ماحول میں پروان چڑھتے ہیں۔ بہترین نظام الاوقات اور مستحکم روابط ان کی توقعات کو سمجھنے اور ان کے اضطراب کو کم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

5) صبر اور مثبت طرزعمل: اہلخانہ کی طرف سے مثبت طرزعمل، تعریف، صبر اور اچھے کاموں پر حوصلہ افزائی، ایسے بچوں میں بہترین رویے کو تقویت دیتی ہے اور ان میں مثبت طور پر متحرک رہنے کے جذبے کو ابھارتی ہے۔

سماجی ہنر کی تربیت: ایسے بچوں میں سماجی صلاحیتیں اور روابط پیدا کرنے کیلئے کام کریں، دوسرے لوگوں کے ساتھ پراعتماد تعلقات استوار کرنے میں ان کی رہنمائی کریں۔

غذائیت اور ورزش: ڈاؤن سنڈروم بچوں کی غذائیت اور صحت پر دوسرے بچوں کے مقابلے میں زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ متوازن غذا اور باقاعدہ جسمانی سرگرمی مجموعی صحت اور تندرستی میں معاون ہے۔

سپورٹ گروپس اور وسائل: والدین کیلئے مقامی سپورٹ گروپس یا آن لائن کمیونٹیز کے ساتھ جڑنا، انتہائی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ایسے بچوں کی تربیت سے متعلق والدین کو بصیرت، موثر تجاویز اور جذباتی مدد فراہم ہوسکتی ہے۔

انفرادی نقطہ نظر: ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا ہر بچہ منفرد ہوتا ہے، اس لیے ان کی سوچ، دلچسپیوں اور چیلنجز کے لیے اہلخانہ کا اپنا مستحکم نقطہ نظر اپنانا ضروری ہے۔

آزادی کو فروغ دیں: روزمرہ کے کاموں اور سرگرمیوں میں ان کو تھوڑی آزادی فراہم کریں تاکہ ان میں چھُپی صلاحیت اور خود اعتمادی کو فروغ ملے۔

ان کی کامیابیوں پر جشن منائیں: ان کی کامیابیوں کو تسلیم کریں اور اسے منائیں، چاہے وہ کتنی ہی چھوٹی کیوں نہ ہوں۔ آپ کا محض یہ چھوٹا سا اقدام ان کی خود اعتمادی اور حوصلہ افزائی کو 100 گنا تک بڑھا سکتا ہے۔

بہن بھائیوں کی شمولیت : ڈاؤن سنڈروم والے بچوں کی دیکھ بھال میں بہن بھائیوں کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہوتا ہے جتنا والدین کا، اہلخانہ اپنے مابین تعلقات اور افہام و تفہیم کو فروغ دیں تاکہ ایسے بچوں کا اپنے گھر والوں پر مکمل اعتماد ہو اور ان میں احساس تحفظ پیدا ہو۔

تخلیقی طریقے: ڈاؤن سنڈروم والے بچوں میں ذہنی صلاحیتوں کو تیز کرنے کیلئے تخلیقی اور دل چسپ طریقے استعمال کریں جیسے کہ گیمز اور آرٹ سیکھنے کے عمل کو خوشگوار اور موثر بنائیں۔

عزت اور وقار : ایسے بچوں کے ساتھ اسی احترام اور وقار کے ساتھ پیش آئیں جیسا کہ آپ کسی دوسرے بچے کے ساتھ پیش آتے ہیں۔

مستقبل کی منصوبہ بندی: جیسے جیسے ڈاؤن سنڈروم والے بچے بڑے ہوتے ہیں، ان کی بلوغت کے لیے منصوبہ بندی کرنا ضروری ہے بشمول تعلیم و روزگار وغیرہ جو ان کی ذہنی سطح کے حساب سے ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں