سول اور فوجی قیادت کا اہم اجلاس خلیجی ممالک اور چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا جائزہ
اجلاس میں پیٹرولیم سمٹ، آئی ٹی کانفرنس پر غور ہوا، وزیراعظم نے کمیٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا
ملکی معیشت کی بہتری کے لیے بنائی گئی اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سول اور مسلح قیادت نے شرکت کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، مسلح افواج کے دیگر افسران، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، احسن اقبال، امین الحق، مصدق ملک اور معاونین نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں ایس ای ایف سی کے تحت اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، پیٹرولیم سمٹ، آئی ٹی کانفرنس اور زرعی فارمز کے اجراء کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا، خلیجی ممالک اور چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم نے مختصر مدت میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کو مکمل طور پر فعال بنانے اور باہمی تعاون کے ذریعے اس کی موثر کارکردگی کو سراہا، وزیراعظم نے سیمینارز اور منصوبوں کے افتتاح کے ذریعے عالمی رسائی کی حکمت عملی کو سراہا۔
اجلاس میں اپیکس کمیٹی نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی زیر سرپرستی زراعت، معدنیات، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مختلف منصوبوں کی حتمی منظوری دی۔
ایپیکس کمیٹی نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سعودی عرب سے اعلیٰ سطح وفد کے متوقع دورے کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
اجلاس میں ایپکس کمیٹی نے عبوری حکومت سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی پیش رفت کی رفتار برقرار رکھنے کی امید کا اظہار کیا۔