صرف اچھی باڈی بنانے سے کوئی اداکار نہیں بن جاتا ابھیشیک بچن
نوجوانوں کو دیکھتا ہوں وہ اداکاری کے بجائے سکس پیکس بنانے میں محنت کررہے ہیں تو افسوس ہوتا ہے، اداکار
بالی وڈ اسٹار ابھیشیک بچن نے نوجوان اداکاروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف سکس پیکس بنالینے سے کوئی اداکار نہیں بن جاتا۔
ایک تازہ انٹرویو میں اداکار نے وضاحت کے ساتھ بتایا کہ انڈسٹری میں نوجوان آج کل کامیاب ہونے کیلئے اپنی باڈی پر محنت کررہے ہیں حالاں کہ کامیابی کیلئے اداکاری کی صلاحیتوں کا اچھا ہونا ضروری ہے۔
ابھیشیک بچن نے انڈسٹری کے سپر اسٹار عامر خان کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ 'دھوم3' میں وہ اسمارٹ جبکہ 'دنگل' میں ان کا وزن بڑھا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ نوجوانوں کو دیکھتے ہیں کہ وہ اداکاری کے بجائے سکس پیکس بنانے میں محنت کررہے ہیں تو انہیں افسوس ہوتا ہے۔
اداکار نے نئی نسل کو مشورہ دیا کہ باڈی کے بجائے وہ اپنے زبان اور اداکاری کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی کوشش کریں اسی سے اداکار بنتے ہیں۔