سیما حیدر کی فلم کا آڈیشن دینے کی ویڈیو سامنے آگئی
پاکستانی لڑکی کو کاسٹ کرنے پر پروڈیوسر کو بجرنگ دل کی جانب سے قتل کی دھمکیاں
پاکستان سے بھارت فرار ہونے والی سیما حیدر کی فلم کا آڈیشن دینے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں سیما حیدر کو میل ایکٹر کے ساتھ سین ریکارڈ کراتے دیکھا جاسکتا ہے جس میں وہ دونوں فون پر بات کررہے ہیں۔
فلم کے ڈائیلاگ سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس میں مذہب اور سرحد کو ''پیار'' کرنے والوں کے درمیان دیوار قرار دیکر پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
فلم کے سین میں سیما حیدر کہتی ہے کہ ''میں نے تم سے سچا پیار کیا ہے، یہ مذہب اور سرحد کی دیوار ہمیں الگ نہیں کرسکتی، بس مجھے اپنے بچوں کی فکر ہے''۔
جس پر سچن کا کردار ادا کرنے والا اداکار سیما کو تسلی دیتے ہوئے کہتا ہے کہ ''وہ صرف تمہارے نہیں میرے بھی بچے ہیں، تم بس غلام حیدر کی غلامی سے نکلو اب اور انتظار نہیں ہوتا''۔ آخر میں سچن جے شری رام کہتا ہے جسے سیما بھی دہراتی ہے۔
واضح رہے کہ سیما حیدر کو بھارتی فلمساز امیت جانی نے اپنی رومانوی فلم ''کرچی سے نوئیڈا'' میں کام کی پیشکش کی ہے جس کی کہانی سیما اور سچن کی لو اسٹوری پرمشتمل ہے۔
دوسری جانب فلم میں پاکستانی لڑکی کو کاسٹ کرنے پر پروڈیوسر امیت جانی کو ہندو انتہاپسند گروپ بجرنگ دل کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں۔
امیت جانی نے پولیس کو شکایت کی ہے کہ بجرنگ دل کے لیڈر مونو مانیسر نے انہیں واٹس ایپ کال پر دھمکی دی ہے کہ سیما حیدر نامی پاکستانی کو اپنی آنے والی فلم میں کاسٹ نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ سیما غلام حیدر کراچی میں غلام حیدر نامی شہری کی بیوی اور چار بچوں کی ماں تھی جس کو PUBG کھیلتے ہوئے بھارت میں اترپردیش کے رہائشی سچن سے محبت ہوگئی۔
سیما حیدر اپنے چار بچوں کے ساتھ اپنے عاشق کے ساتھ رہنے کے لیے غیر قانونی طور پر نیپال کے راستے ہندوستان میں داخل ہوئی تھی۔ دونوں نے مبینہ طور پر نیپال کے ایک مندر میں شادی کی تھی۔