راولپنڈی فائرنگ کے دو واقعات میں 3 مبینہ ڈاکو ہلاک
تینوں ڈاکو ایک ہی گینگ کا حصہ تھے، چند روز قبل پرائیوٹ ہسپتال میں ڈکیتی میں ملوث تھے، پولیس
راولپنڈی مختلف تھانوں کی حدود میں فائرنگ کے دو واقعات میں 3 مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگے۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ تھانہ ائیرپورٹ اور تھانہ مورگاہ کے علاقوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے واقعات کی تفتیش میں اہم ترین پیش رفت ہوئی ہے، ائیرپورٹ اورمورگاہ میں فائرنگ کرنے والے ڈاکو ایک ہی گینگ کے رکن نکلے۔
پولیس کے مطابق ائیرپورٹ کے علاقہ میں واردات کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے دو ڈاکو زخمی ہوئے، جوبعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گئے، دونوں ڈاکوؤں کی شناخت عقیل اور وطن دوست کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ مورگاہ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے ہلاک ڈاکو کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی، ہلاک ڈاکو عقیل اور شاہد ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق مورگاہ میں پولیس پر فائرنگ کرنے والے دونوں ڈاکو ائیرپورٹ کے علاقہ میں واردات کے دوران فائرنگ کے بعد فرار ہوئے تھے، تینوں ہلاک ڈاکوؤں نےتین روز قبل تھانہ ائیرپورٹ کے علاقہ میں پرائیوٹ ہسپتال میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے شہری احمد افسر کو قتل اور 3 مریضوں کو زخمی کردیاتھا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکؤوں کو نجی ہسپتال میں ڈکیتی کے متاثرہ شہریوں نے بھی شناخت کر لیا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے چند روز قبل بیوٹی سیلون پر بھی واردات کے دوران لوٹ مار کی تھی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کے قبضہ سے موٹرسائیکل، اسلحہ اورتین روز قبل ہسپتال میں چھینے گئے موبائل فون برآمد کرلیے ہیں۔