دورانِ پرواز بم کی جھوٹی افواہ پھیلانے والا سابق پاکستانی ماڈل گرفتار
سابق پاکستانی ماڈل محمد عارف ابرار الحق کے مشہور گانے ’پریتو‘ میں بطور ماڈل کام کر چکے ہیں
سڈنی سے کوالا لمپور جانے والی بین الاقوامی پرواز میں بم کی جھوٹی افواہ پھیلانے پر سابق پاکستانی ماڈل محمد عارف کو گرفتار کر لیا گیا۔
محمد عارف نے پرواز میں بم کی جھوٹی افواہ پھیلا کر جہاز کو واپس سڈنی ائیرپورٹ لوٹنے پر مجبور کیا اور مسافروں اور پرواز کے عملے کو ہراساں کیا۔ سڈنی پہنچتے ہی آسٹریلین پولیس نے 45 سالہ سابق پاکستانی ماڈل محمد عارف علی کو گرفتار کرلیا۔
آسٹریلیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ محمد عارف نے دورانِ پرواز دعویٰ کیا تھا کہ ان کے بیگ میں دھماکہ خیزمواد موجود ہے اور وہ جہاز کو بم سے اُڑا دیں گے جس کے بعد جہاز کو واپس سڈنی لینڈ کروانے کے بعد انہیں جھوٹی افواہ پھیلانے اور مسافروں کو ہراساں کرنے پر گرفتار کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر سابق ماڈل کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں مسافروں اور جہاز کے عملے کو ہراساں کرتے اور دھمکیاں دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک ویڈیو میں عارف کو جہاز کے اندر نماز پڑھتے بھی دیکھا جا سکتا ہے جس کی وجہ سے مسافروں آن بورڈ ہونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق عارف کے وکیل کا کہنا ہے کہ سابق ماڈل سنگین دماغی مسائل میں مبتلا ہیں ان کی دماغی حالت بلکل ٹھیک نہیں ہے۔
یاد رہے کہ سابق پاکستانی ماڈل محمد عارف ابرار الحق کے مشہور گانے 'پریتو' بطور ماڈل کام کر چکے ہیں۔