یوٹیوب اشتہار ہٹانے والے بٹن کے ساتھ کیا کرنے جا رہا ہے
رپورٹ کے مطابق یوٹیوب اشتہارات کو ہٹانے والے ’اِسکپ بٹن‘ میں اہم تبدیلیاں کرنے جارہا ہے
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر کسی ویڈیو کے دوران اشتہار کا آنا اس کے لطف کو کرکرا کر دیتا ہے، لیکن کمپنی کی جانب سے 'اِسکپ ایڈز' کا ایک بٹن اسکرین پر نمو دار ہوتا ہے جو چند سیکنڈ بعد ہی اشتہار کو ہٹانے میں ہماری مدد کرتا ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب اشتہارات کو ہٹانے والے 'اِسکپ بٹن' میں اہم تبدیلیاں کرنے جارہا ہے۔
اشتہار ہٹانے کا یہ بٹن یوٹیوب کی متعدد ایپس پر دِکھتا ہے بالخصوص جب طویل اشتہار اسکرین پر چل رہے ہوں۔اس آپشن کی عمومی شکل مستطیل ہوتی ہے جو اب یوٹیوب کی حالیہ تزئین نو کے بعد اس سے مطابقت نہیں رکھتی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یوٹیوب اب اس بٹن کے نئے ڈیزائن کی آزمائش کر رہا ہے۔ یہ نیا بٹن موجودہ بٹن کی نسبت کافی چھوٹا ہے لیکن یہ یوٹیوب کے نئے ڈیزائن سے مطابقت رکھتا ہے۔
ترجمان یوٹیوب نے اس آزمائش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی تمام پلیٹ فارمز پر موجود 'اِسکپ بٹن' کے ڈیزائن کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے آزمائش کر رہی ہے۔ کمپنی کا مقصد صارفین کو نئے یوٹیوب کے نئے ڈیزائن کے ساتھ بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے۔