شوہر بیویوں کو کس بات کا طعنہ دیتے ہیں شائستہ لودھی کا اہم انکشاف

ہمارے معاشرے میں لوگ لڑکیوں کو رنگت گوری نہ ہونے یا وزن زیادہ ہونے پر ٹارچر کرتے ہیں، شائستہ لودھی


ویب ڈیسک August 25, 2023
(فائل فوٹو)

میزبان و اداکارہ شائستہ لودھی کا کہنا ہے کہ شوہر حضرات اپنی بیویوں کو داڑھی یا مونچھیں آنے کا طعنہ مارتے ہیں، شکلیں تبدیل کروانے کیلئے انکے پاس لاتے ہیں۔

شائستہ لودھی حال ہی میں ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام 'دی ٹاک ٹاک شو' میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے بیوٹی کلینک میں آکر بیویوں کی شکل و صورت تبدیل کرنے کی ڈیمانڈ کرنے والوں کے بارے میں انکشاف کیا۔

شائستہ نے بتایا کہ انہیں یہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ گھریلو خواتین آکر اپنی اپر لِپ اور چہرے کے بالوں کو ختم کرنے کا کہتی ہیں اور بتاتی کہ ان کے شوہر انہیں داڑھی یا مونچھیں آنے کا طعنہ مارتے ہیں۔



اداکارہ کا کہنا تھا کہ نوجوان لڑکیاں باقاعدہ تصاویر لے کر آتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ہمارے شوہر چاہتے ہیں کہ ہم فلاں اداکارہ کی طرح دکھائی دیں۔

شائستہ لودھی کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں لوگ لڑکیوں کو رنگت گوری نہ ہونے یا وزن زیادہ ہونے پر ٹارچر کرتے ہیں۔

شائستہ نے بتایا کہ ایک مرتبہ ایک شخص اپنی بیوی کے ہمراہ آیا اور کہا کہ میری بیوی کو اپنے جیسا کر دیں اس کا رنگ دبا ہوا ہے گوری ہوجائے جبکہ ایک خاتون نے بچے کی پیدائش کے بعد اسٹریچ مارکس کا علاج کروانے کی ڈیمانڈ کی کیونکہ اس کے شوہر نے اسے گھر بھیج دیا اور کہا کہ اسٹریچ مارکس ختم کر کے آنا۔



شائستہ لودھی کا کہنا تھا کہ یہ تمام خواتین احساسِ کمتری کا شکار نہیں بلکہ وہ مرد احساسِ کمتری کا شکار ہیں جو اپنی بیگمات کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے انہیں بیوٹی کلینک بھیجتے ہیں۔

شائستہ نے ایسی صورتحال سے دوچار خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی مرضی سے اپنی خوبصورتی بڑھانے کیلئے ضرور آئیں مگر ایسے مردوں سے انہیں خود کو الگ کر لینا چاہیئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں