ایشیاکپ؛ گمبھیر پھر آپے سے باہر، اسٹیڈیم میں تماشائیوں کو نازیبا اشارہ

ویب ڈیسک  منگل 5 ستمبر 2023
شائقین کے سابق بھارتی کرکٹر کو ٹرول کرنے کیلئے کوہلی کوہلی کے نعرے (فوٹو: ایکسپریس ویب)

شائقین کے سابق بھارتی کرکٹر کو ٹرول کرنے کیلئے کوہلی کوہلی کے نعرے (فوٹو: ایکسپریس ویب)

پالی کیلے: بھارت کے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کو نازیبا اشارہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت اور نیپال کے میچ کے دوران شائقین نے گوتم گمبھیر کو ٹرول کرنے کیلئے کوہلی کوہلی کے نعرے لگائے تو گوتم گمبھیر غصے میں آگئے اور اپنے ہاتھ کی درمیانی انگلی سے شائقین کی طرف نازیبا اشارہ کیا۔

بعدازاں گوتم گمبھیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہاں کچھ پاکستانی لوگ بھارت مخالف اور کشمیر سے متعلق نعرے لگارہے تھے تو ایسی صورتحال میں وہاں کچھ تو جواب دینا چاہیے تھا یوں ہنستے ہوئے چلے جانا ٹھیک نہیں۔


گوتم گمبھیر کے دعوے کے برعکس ویڈیو میں واضح طور پر شائقین کو صرف کوہلی کوہلی کے نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ؛ پاک بھارت کرکٹرز کی دوستی پر گوتم گمبھیر چراغ پَا ہوگئے

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ پاک بھارت میچ کے موقع پر گوتم گمبھیر نے ویرات کوہلی کی پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں بات چیت پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت میچ؛ کوہلی کی پاکستانی کھلاڑیوں سے خوش گپیوں کی تصاویر وائرل

گوتم گمبھیر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ بھی نہیں ملانا چاہیے تھا۔ ہندوستانی ٹیم اسٹیڈیم میں 140 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کر رہی ہے، اُسے پاکستانی کھلاڑیوں سے دوستی نہیں نبھانی چاہیے۔

گوتم گمبھیر کے اس بیان کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں ویرات کوہلی اور سابق کرکٹر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔