دیوارچین کو توڑ کر ’ شارٹ کٹ ‘ بنانے کی پاداش میں دو افراد گرفتار

ملزمان کا کہنا ہے کہ قریبی علاقے میں جانے کی مسافت کم کرنے کے لیے ’ شارٹ کٹ ‘ بنانا چاہتے تھے


ویب ڈیسک September 05, 2023
فوٹو: انٹرنیٹ

چین کے صوبے شانچی کے علاقے میں دو افراد کو عظیم دیوار چین کو بھاری مشینری کی مدد سے توڑ کر راستہ بنانے کی پاداش میں گرفتار کرلیا گیا۔

چین کےسرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت بیجنگ سے چھ گھنٹے کی مسافت پر دو افراد کو دیوار چین کو توڑ کر راستہ بنانے کے جرم میں حراست میں لیا گیا ہے۔

گرفتار شدہ افراد نے اعتراف کیا کہ وہ قریبی علاقے میں جانے کی مسافت کم کرنے کے لیے دیوار چین کو توڑ کر ' شارٹ کٹ ' بنانا چاہتے تھے۔

خیال رہے کہ دیوار چین تاریخی اہمیت کی حامل ہے جس کی تعمیر تین صدی قبل مسیح میں بادشاہ چن شی ہوانگ کے دور میں شروع ہوئی تھی اور صدیوں تک جاری رہی تھی۔

دیوار چین کی تعمیر کا مقصد مقامی آبادی کو بیرونی حملہ آوروں سے بچانا تھا۔ اس کی مجموعی لمبائی تقریباً 13170 میل ہے۔

گرفتار شدگان نے دیوار چین کے جس حصے کو توڑ کر ' شارٹ کٹ ' بنایا ہے وہ منگ سلطنت کے دور میں چودھویں سے سترھویں صدی کے درمیان تعمیر کیا گیا تھا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ملزمان نے تاریخی دیوار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور بھاری مشینری کی وجہ سے دیوار کا اچھا خاصا حصہ ٹوٹ گیا ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں دیوار چین کا ایک حصہ ٹوٹا ہوا دکھائی دے رہا ہے اور بیچ میں سے کچا راستہ جاتا ہوا نظر آرہا ہے جس پر گاڑیوں کی آمدورفت کے آثار بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ملزمان قانون نافذ کرنے والےا داروں کی تحویل میں ہیں اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں