لڑکیاں دبئی کی سڑکوں پر ون ویلنگ کرنے لگیں، سزاؤں کا سامنا

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 ستمبر 2023
ون ویلنگ، کرتب دکھانے والی لڑکیوں کی موٹر سائیکلیں ضبط کرلیں، پولیس حکام:فوٹو:ویب ڈیسک

ون ویلنگ، کرتب دکھانے والی لڑکیوں کی موٹر سائیکلیں ضبط کرلیں، پولیس حکام:فوٹو:ویب ڈیسک

دبئی کی سڑکوں پر ون ویلنگ کرنے اور موٹرسائیکل پر کرتب دکھانے والی لڑکیوں کو ٹریفک پولیس کے دفترمیں طلب  کرلیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی سڑکوں پر موٹرسائیکل سوار لڑکیوں کی ون ویلنگ، ہاتھ چھوڑ کر بائیک چلاتے اور چلتی موٹر سائیکل پر کھڑے ہونے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

دبئی پولیس نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لڑکیوں کی تفصیلات معلوم کیں اور انہیں ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ میں طلب کیا گیا تھا۔ لڑکیوں کے گروپ نے موٹرسائیکل پر کرتب دکھانے کا اعتراف کیا جس کے بعد ان کی موٹر سائیکلیں ضبط کرلی گئیں۔

ڈائرکٹر جنرل ٹریفک پولیس دبئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پروائرل ویڈیو میں لڑکیوں کے گروپ کو ہینڈل چھوڑ کر بائیک چلاتے، بائیک پرکھڑے اور ون ویلنگ کرتے دیکھا گیا جس کے بعد کارروائی کی گئی۔

ڈائرکٹر جنرل دبئی پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ایک لڑکی نے قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ چھپائی ہوئی تھی تاکہ شناخت نہ کیا جا سکے۔ لڑکیوں کی موٹر سائیکلیں قبضے میں لے کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے متعدد چارجز عائد کردئیے گئے ہیں۔

دبئی کے قوانین کے مطابق اس طرح کی خلاف ورزیوں کی سزا 2 ہزار درہم جرمانہ، 60 روز کے لیے وہیکل ضبط کرنا  اور 23 ٹریفک پوائنٹس شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔