روکنے کے باوجود دوران طواف لوگ با پردہ اہلیہ کی ویڈیو بناتے رہے شاہد آفریدی

ویڈیوز بنانے والوں سے موبائل چھینا تاہم بعد میں معذرت کی ، شاہد آفریدی


ویب ڈیسک September 21, 2023
ملک کے دور دراز علاقوں میں تعلیم نہ پہنچ سکی وائے فائے پہنچ گیا، شاہد آفریدی:فوٹو:فائل

سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ طواف کے دوران بھی لوگ ان کی با پردہ اہلیہ کی ویڈیوز بناتے رہے۔

نجی چینل کے ایک پروگرام میں سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طواف کے دوران اپنی با پردہ اہلیہ کی ویڈیوز بنانے والوں کو روکا تاہم وہ نہیں مانے۔ منع کرنے کے باجود ویڈیوز بنانے والوں سے موبائل چھینا تاہم بعد میں معذرت کی کیونکہ وہ خدا کےگھر میں تھے۔

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ائیرپورٹ یا عوامی مقامات پر چھپ چھپ کر جو لوگ ویڈیوز بناتے ہیں اس پر افسوس نہیں ہوتا لیکن مقدس مقامات پر منع کرنے کے باجود جو ویڈیوز بنائی گئیں اس پر دکھ ہوا۔ سوشل میڈیا آنے سے لوگوں کی پرائیوسی ختم ہوگئی ہے۔

پاکستان کرکٹ اسٹار نے شکوہ کیا کہ سب کو معلوم ہے کہ وہ ذاتی زندگی کو سوشل میڈیا پر شئیر نہیں کرتے لیکن لوگ پھر بھی ان کے اہل خانہ کی ویڈیوز بنانے کی کوشش کرتے ہیں جو انتہائی غلط ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ سوشل میڈیا کے خلاف نہیں لیکن اس کے استعمال کے لیے تعلیم لازمی ہے۔ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں تعلیم تو نہ پہنچ سکی لیکن وائی فائی پہنچ گیا۔ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری سے کرنا چاہیے اور یہ پتا ہونا چاہیے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں