کراچی میں کل سے سمندری ہواؤں اور دسمبر سے سردی کی پیشگوئی
بھارتی راجستھان سے آنیوالا سسٹم سمندری ہواؤں پر اثر انداز رہا، جس سے گزشتہ دنوں گرمی محسوس کی گئی، چیف میٹرولوجسٹ
محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل سے سمندری ہواؤں کے بحال ہونے اور دسمبر سے سردی شروع ہونے کی پیشگوئی کردی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق بھارتی راجستھان کی جانب سے آنے والے مون سون سسٹم کے سبب سمندری ہوائیں جزوی اور مکمل متاثر ہوئیں ، جس وقت یہ مون سون سسٹم سمندر کی جانب بڑھ رہا تھا، اس دوران یہ سمندر کی جنوب مغربی ہواوں پر اثرانداز رہا اور شہر میں گزشتہ دنوں گرمی محسوس کی گئی ۔
موسم کے حوالے سے کی گئی پیش گوئی کے مطابق کل سے سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال ہونے کا امکان ہے جب کہ اگلے چندروز کے دوران کراچی کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے ۔
ماہرین کے مطابق اکتوبر کا مہینہ کراچی میں گرم گزرے گا۔ اس دوران درجہ حرارت 35.7 ڈگری تک ریکارڈ ہو سکتا ہے۔ نومبر کے وسط یا آخر میں موسم خنک اور قدرے سرد ہونا شروع ہوگا اور دسمبر کے پہلے ہفتے سے کراچی میں سردی شروع ہوگی۔