تمام سیاست دانوں کو الیکشن سے قبل حفاظتی ضمانت کرالینی چاہیے پرویز الہی
میں الیکشن سے قبل باہر آجاؤں گا یا نہیں یہ تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے، الیکشن نہ ہو نے سے نظام رکا ہوا ہے
تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے کہا ہے کہ جیسے حالات چل رہے ہیں ان حالات میں تمام سیاست دانوں کو الیکشن سے قبل حفاظتی ضمانت کرا لینی چاہیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی پر کمرہ عدالت میں سماعت سے قبل صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ الیکشن بروقت ہونے چاہئیں کیوں کہ الیکشن نہ ہو نے سے نظام رکا ہوا ہے میں الیکشن سے قبل باہر آجاؤں گا یا نہیں یہ تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے تاہم جو حالات چل رہے ہیں تمام سیاست دانوں کو الیکشن سے قبل حفاظتی ضمانت کرا لینی چاہیے۔
تحریک انصاف کے صدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے بیک ڈور مذاکرات پر کچھ نہیں کہہ سکتا، چوہدری شجاعت سے دوبارہ ملاقات ہوگی۔
صحافی نے سوال کیا کہ بلاول کا کہنا ہے کہ شیخ رشید اور پرویز الہی اندر رہیں یا باہر کوئی فرق نہیں پڑتا تو پرویز الہی نے کہا کہ بلاول کو اپنی سالگرہ منانے دیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ سنا ہے نواز شریف کے آنے کی تاریخ بدل رہی ہے اس پر انہوں ںے کہا کہ نواز شریف خود بھی بدل گیا ہے۔
پرویز الہی کے خلاف مقدمے کی سماعت
بعدازاں چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ پرویز الہی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا۔ عدالت نے پرویز الہی کی تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں ضمانت منظور کر رکھی ہے۔
پرویز الہی کی جانب سے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے درخواست دائر کر دی گئی اس پر جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے پوچھا کہ ضمانت منظور ہو چکی ہے کیا مچلکے جمع نہیں کروائے ؟ مچلکے جمع کروادیں اگر کہتے ہیں تو کیش میں کردیتا ہوں، کیا پرویز الہی صاحب دوسرے کیسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں؟
وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ جی اینٹی کرپشن سے متعلق مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، ہماری طرف سے تو مچلکے جمع کروانے پر آزاد ہیں۔
اس دوران پرویز الہی روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ میرا پیٹ خراب ہے، جج نے کہا اللہ خیر کرے گا؛ پرویز الہی نے کہا کہ میرے سیل کے باہر بھی دیوار کھڑی کر دی گئی ہے،تازہ ہوا تک نہیں آتی سیل کے باہر ایک اجنبی کو بٹھایا ہوا ہے۔
جج نے استفسار کیا کہ اجنبی کون ہے کیا اس کا نام ہی اجنبی ہے؟ چلیں پتا کرتے ہیں اجنبی کون ہے۔ جج نے کہا کہ پرویز الہی لاہور میں درج اینٹی کرپشن کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں کیا اس میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے؟
وکیل نے جواب دیا کہ جی! اینٹی کرپشن کیس میں بھی ضمانت کی درخواست دائر کر کھی ہے، عدالت سے استدعا ہے کوئی لمبی تاریخ دے۔
جج نے کہا کہ ہمارا کیا ہے ہم 40 دن بعد کی تاریخ دے دیتے ہیں، عدالت نے 13 اکتوبر تک سماعت ملتوی کردی۔