موٹرسائیکل چوری کے متاثرہ شہری نے گینگ بنا کر 57 وارداتیں کر ڈالیں
ملزم مبشر نے دوست کو ساتھ ملا کر 57 چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں کیں، دونوں گرفتار ملزمان کا اعتراف
پنجاب پولیس نے ایک ایسے انوکھے چور کو گرفتار کیا ہے جس نے 13 سال قبل موٹر سائیکل چوری ہونے کے بعد گینگ بنا کر ڈکیتی کی وارداتیں کیں اور کئی شہریوں کو لوٹ لیا۔
لاہور پولیس کے مطابق ملزم مبشر کی تیرہ سال قبل موٹر سائیکل چوری ہوئی تھی جس کے بعد اُس کا کہیں سراغ نہ مل سکا۔
مبشر نے موٹرسائیکل چوری ہونے کے بعد خود بھی چوریوں اور ڈکیت بننے کا فیصلہ کیا اور اپنے ساتھ فرحان نامی شہری کو ملا کر گینگ بنا کر کارروائیاں کیں۔
حال ہی میں کی جانے والی ایک کارروائی میں ملزمان کے چہرے واضح تھے جس پر پولیس دونوں تک پہنچی اور گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔
ملزم مبشر نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ وہ تیرہ سال قبل خود چوروں سے متاثر ہوا جس کے بعد اُس نے بھی یہی کام شروع کیا اور دوست کے ساتھ مل کر 57 وارداتیں کیں، جن میں موٹرسائیکل چوری، چھینا اور ڈکیتی بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو موٹرسائیکلیں اور پستول برآمد کیا گیا ہے اور دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔