بنگلادیش نے بھی ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان کردیا تمیم اقبال شامل نہ ہوسکے
اسکواڈ کا اعلان اور جرسی کی رونمائی ویڈیو کے ذریعے دلچسپ انداز میں کی گئی
بنگلہ دیش نے بھی آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کیلئے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
بنگلہ دیشی بورڈ نے اپنے اسکواڈ کا اعلان اور جرسی کی رونمائی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے دلچسپ انداز میں کی۔ ٹیم کی قیادت شکیب الحسن کریں گے جبکہ مشفق الرحیم سمیت دیگر کھلاڑی بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے مایہ ناز بلے باز تمیم اقبال سے محروم رہے گی جو کمر کی تکلیف کی وجہ سے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہوسکے ہیں۔
واضح رہے کہ تمیم اقبال نے رواں سال 6 جولائی کو اچانک بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا تاہم اگلے ہی دن انہوں نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات کے بعد اپنا فیصلہ تبدیل کرلیا۔
تمیم اقبال انجری کی وجہ سے ایشیا کپ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ تبدیل کرنے کے بعد انہوں نے گزشتہ ہفتہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے او ڈی آئی میں 44 رنز اسکور کیے، میچ کے بعد انکی کمر میں دوبارہ تکلیف شروع ہوگئی۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ کیلئے سری لنکا کے اسکواڈ کا اعلان، اہم اسپنر باہر
میڈیکل ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف آج (منگل کو) ہونے والے تیسرے میچ کے لیے تمیم اقبال کو آرام دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم اب سے کچھ دیر قبل ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں تمیم اقبال شامل نہیں۔
ورلڈ کپ کیلئے بنگلہ دیش اپنے اسکواڈ کا اعلان کرنے والی آخری ٹیم ہے جس کے بعد اب تمام ٹیموں کے اسکواڈز کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی ٹیم اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو افغانستان کیخلاف دھرم شالہ میں کھیلے گی۔ پاکستان کے ساتھ بنگلہ دیش کا میچ 31 اکتوبر کو کولکتہ میں ہوگا۔
بنگلہ دیش ورلڈ کپ اسکواڈ:
شکیب الحسن (کپتان)، مشفق الرحیم، لٹن داس (نائب کپتان)، نجم الحسن شانتو، توحید حیدری، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، حسن محمود، شرف الاسلام، نسیم احمد، مہدی حسن ، تنزید حسن، تنظیم حسن، محمود اللہ۔