پی ٹی آئی کے بغیر الیکشنز بے معنی ہوں گے شاہ محمود قریشی
چالیس سال سیاست کی، 39 سال میں کوئی پرچہ نہیں ہوا مگر آج دہشت گرد بنادیا گیا، وائس چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر انتخابات میں پی ٹی آئی کو حصہ نہیں لینے دیا گیا تو پھر الیکشن کی اہمیت ختم اور یہ بے معنی ہوجائیں گے۔
سائفر کیس میں عدالتی پیشی کے موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بغیر الیکشن کی اہمیت نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ اگر تحریک انصاف کو حصہ نہ لینے دیا گیا تو یہ بے معنی اور بے وقعت ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات وقت کی ضرورت اور واحد حل ہے۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ معلوم نہیں برف پگھلی یا نہیں، میں نے چالیس سال سیاست کی اور 39 سالوں میں کوئی مقدمہ نہیں ہوا مگر آج دہشت گرد بنادیا گیا ہے۔
عدالت نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں دس اکتوبر تک توسیع کردی، پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کو ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا گیا۔