خیبرپختونخوا میں سیاحوں کی آمد میں 22 لاکھ سے زائد کا اضافہ

نو ماہ کے دوران 1 کروڑ 11 لاکھ 20 ہزار سیاح مختلف سیاحتی مقامات پر آئے جن میں تین ہزار 369 غیرملکی سیاح تھے، رپورٹ


ویب ڈیسک September 27, 2023
نو ماہ کے دوران 1 کروڑ 11 لاکھ 20 ہزار سیاح مختلف سیاحتی مقامات پر آئے جن میں تین ہزار 369 غیرملکی سیاح تھے، رپورٹ (فوٹو : فائل)

خیبرپختونخوا میں سیاحوں کی آمد میں 22 لاکھ سے زائد کا اضافہ ہوگیا، نو ماہ میں ایک کروڑ 11 لاکھ سیاحوں نے خیبرپختون خوا کی سیر کی۔

خیبرپختونخوا حکومت نے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر سیاحوں کی آمد کی 9 ماہ کی رپورٹ جاری کردی، سیاحتی مقامات پر ملکی اور غیرملکی سیاح کی آمد پر مبنی یہ رپورٹ جنوری 2023ء سے لے کر 24 ستمبر 2023ء پر مشتمل ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ نوماہ کے دوران 3 ہزار 369 غیرملکی سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کی سیر کی۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 1 کروڑ 11 لاکھ 20 ہزار 535 سیاح صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح کے لیے آئے، گزشتہ سال کی بہ نسبت اس سال 22 لاکھ 60 ہزار 899 سیاح زیادہ آئے ہیں، 282 غیرملکی جبکہ 9 لاکھ 57 ہزار 743 ملکی سیاحوں نے دیر اپر کا رخ کیا، 386 غیرملکی سیاحوں اور26 لاکھ 94 ہزار 396 ملکی سیاحوں نے مالم جبہ کی سیر کی، 208 غیر ملکی سیاح گلگت آئے جبکہ 34 لاکھ 71 ہزار 788 ملکی سیاحوں نے گلگت کے پُرفضاء مقامات کارخ کیا۔

دستاویز کے مطابق 641 غیر ملکی سیاح چترال آئے جبکہ 33 ہزار 249 ملکی سیاحوں نے چترال اَپر کی سیر کی، 1 ہزار 265 غیرملکی سیاح اور 4 لاکھ 31 ہزار 383 ملکی سیاح چترال لوئر کی طرف گئے جہاں انہوں نے مختلف مقامات کی سیر کی، کاغان ناران میں 587 غیرملکی اور 35 لاکھ 31 ہزار 976 ملکی سیاح سیر و تفریح سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ادارے نے رواں سال نئے مقامات پر کیمپنگ پاڈز نصب کیے ہیں، اس سال سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ بھی ہوگا، سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر ٹورازم پولیس کے جوان ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں