ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں آرمی چیف

ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا، جنرل عاصم منیر


ویب ڈیسک September 27, 2023
—فائل فوٹو

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فوج خیبرپختونخوا کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ معاشی ترقی کی رفتار کو بڑھایا جاسکے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آرمی چیف کو منشیات کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات سمیت مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں میں نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا، ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

صوبائی ایپکس کمیٹی کے شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔ اجلاس کے شرکا نے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جبکہ آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔

علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خواتین سمپوزیم میں خواتین سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا، صوبہ کی خواتین نے ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا۔

جنرل عاصم منیر نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس تبدیلی کاپورا فائدہ اٹھایا جاسکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں