نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے شہریوں کے مسائل جاننے کیلیے ای کچہری کا انعقاد
ناظم الامور اعزاز خان نے شرکا کے مختلف استفسارات کا براہ راست جواب دیا اور ان کے مسائل حل کیے
بھارتی دارالحکومت میں پاکستان ہائی کمیشن نے ہندوستان میں مقیم پاکستانیوں سے رابطے، ان کودرپیش مشکلات جاننے اور ان کی قونصلر خدمات سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے ای کچہری کا اہتمام کیا۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور اعزاز خان اور مشن کے افسران اور قونصلر خدمات سے نمٹنے والے اہلکاروں نے ای کچہری کے دوران شرکا کے سوالات سنے، ان کی رہنمائی کی اور درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
ناظم الامور اعزاز خان نے جون 2023 میں منعقدہ آخری ای کچہری کے دوران ریکارڈ کیے گئے سوالات پر ہونے والی پیشرفت کا خلاصہ بھی پیش کیا۔
انہوں نے شرکا کے مختلف استفسارات کا براہ راست جواب دیا اور ان کے مسائل کو فوراً حل کیا۔ ایسے معاملات میں جہاں مقررہ طریقہ کار کو مکمل کرنے کے لیے وقت درکار تھا، متعلقہ حکام کو یہ کام سونپا گیا کہ وہ درخواست دہندگان کو پیشرفت پر فالو اپ کریں اور اپ ڈیٹ کریں۔
پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مشن پاکستانی شہریوں تک الیکٹرانک طور پر پہنچنے اور ان کے سوالات کو حل کرنے کے لیے باقاعدگی سے ای کچہری کا اہتمام کرتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کے وژن اور پالیسی کے مطابق معیاری قونصلر خدمات کی فراہمی مشن کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔