پی ٹی آئی کارکنوں کو کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کی طرح قانون کے کٹہرے میں لایا گیا وزیراعظم
روس یوکرین جنگ میں پاکستان غیر جانبدار ہے، ساری توجہ قومی مفادات پر ہے، انوار الحق کاکڑ کا امریکی اخبار کو انٹرویو
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کی طرح قانون میں کٹہرے میں لایا گیا ہے اور اُن کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہورہی۔
امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کو غیر قانونی کارروائیوں پر اُسی طرح کٹہرے میں لایا گیا جیسے کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کو لایا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین جنگ میں پاکستان غیر جانبدار ہے، ہماری ساری توجہ اپنے قومی مفادات پر ہے۔چین پاکستان کا سدا بہار دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔
دوسری جانب نگران وزیر اعظم لندن سے نجی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں مدینہ کے گورنر فیصل بن سلمان نے اُن کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ انوار الحق کاکڑ آج عمرہ ادا کریں گے۔