پوتے پوتیاں پیسوں میں ڈنڈی مارتے ہیں دادی حساب سیکھنے اسکول پہنچ گئیں

دادی کے گنتی، پہاڑے اور جمع تفریق سیکھنے سے شرارتی بچوں کی ’دیہاڑی‘ ماری گئی


ویب ڈیسک September 28, 2023
دادی کے پیسوں میں پوتے ڈنڈی مارا کرتے تھے، فوٹو: ویڈیو گریب

بھارت میں پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کے پیسوں میں ڈنڈی مارنے سے پریشان 92 سالہ دادی نے گنتی اور حساب کتاب سیکھنے کے لیے اسکول میں داخلہ لے لیا۔

بھارتی کے مطابق ریاست اترپردیش کے علاقے ''بلند شہر'' میں 92 سالہ دادی نے اسکول میں داخلہ لے لیا۔ 1930 میں پیدا ہونے والی سلیمہ خان کبھی اسکول نہیں گئی تھیں۔

ان کی شادی محض 14 سال کی عمر میں ہوگئی تھی۔ وہ خود تو پڑھی لکھی نہیں تھیں لیکن اپنے اولادوں کو علم کے زیور سے آراستہ کیا۔ کبھی دل میں پڑھنے کا شوق بھی پیدا ہوا تو گھریلو ذمہ داریاں آڑے آگئیں۔



تاہم جب وہ اپنے پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں سے کوئی چیز منگواتیں تو شرارتی بچے بقایا پیسوں میں ڈنڈی مارتے کیوں کہ دادی گنتی گرنے اور حساب کتاب میں واجبی تھیں۔

زمانے کی سرد گرم اور دھوپ و چھاؤں کا وسیع تجربہ رکھنے والی دادی اپنے اولادوں کی اولادوں کی اس کارستانی کو بھانپ گئیں اور جن سب سے چھوٹے پوتے کے اسکول میں داخلے کا وقت آیا تو خود بھی اسکول جانے کا فیصلہ کرلیا۔

گھر والوں نے جب 92 سالہ دادی کی ضد کے آگے ہتھیار ڈال دیے اور دادی پوتا ایک ساتھ اسکول جانے لگے۔ دادی کو گنتی، پہاڑے، جمع تفریق اور حساب کتاب تو آگیا لیکن شرارتی پوتے پوتیاں دیہاڑی سے محروم ہوگئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں