ورلڈکپ پاک بھارت مقابلہ پرائیوٹ جیٹ طیاروں کی آمد و رفت 30 فیصد بڑھ گئی

دونوں ٹیمیں 14 اکتوبر کو نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی


ویب ڈیسک September 30, 2023
دونوں ٹیمیں 14 اکتوبر کو نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی (فوٹو: ٹوئٹر)

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم معرکے کے باعث احمد آباد ائیرپورٹ پر پرائیوٹ جیٹ طیاروں کی آمد و رفت 30 فیصد بڑھ گئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرے سے قبل چارٹرڈ ائیر کرافٹس کی آمد و رفت میں اضافہ ہوا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اہم معرکے میں شوبز شخصیات سمیت بزنس ٹائیکونز اور اہم سیاستدانوں کی آمد متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاک بھارت میچ کے باعث ہوٹلوں کے کرائے میں کئی گُنا اضافہ

سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد آباد ائیرپورٹ پر 43 ائیر کرافٹس کی پارکنگ کا انتظام موجود ہے جبکہ 2022 کے گجرات انتخابات میں 79 چارٹرڈ ائیر کرافٹس کو پارک کیا گیا تھا۔

دوسری جانب احمد آباد ائیرپورٹ پر روزانہ 250 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس شیڈولڈ ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ مہنگے ہوٹلز کے بجائے شائقین نے اسپتالوں میں بُکنگ شروع کردی

اس سے قبل خبریں سامنے آئیں تھی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے باعث احمد آباد میں ہوٹلز کے کرایوں میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ہوٹلز کے ڈیلکس کمرے کی قیمت 5 ہزار 699 روپے سے بڑھ کر 71 ہزار 999 بھارتی روپے تک پہنچ چکی ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئین انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف 6 اکتوبر کو کھیلے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں