گردوں کی غیرقانونی پیوند کاری کے ملزم سرجن کو مسلح افراد پولیس سے چھڑا کر لے گئے
ملزم فواد ممتاز کو لاہور پولیس اٹک جیل سے لائی،جائے وقوع جاتے ہوئے چار مسلح افراد نے پانچ اہلکاروں سے ملزم کو چھڑالیا
گردوں کی غیرقانونی پیوند کاری کے درجنوں مقدمات میں ملوث سرجن کو چار مسلح افراد اسلحے کے زور پر چھڑا کر لے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب میں گردوں کی غیر قانونی ٹرانسپلانٹ کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا، پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے سرجن فواد ممتاز خان کو آج مسلح افراد چھڑا کر لے گئے۔
ملزم فواد ممتاز خان کو لاہور پولیس اٹک جیل سے چند روز قبل لاہور لائی تھی، مبینہ طور پر جائے وقوع کی نشاندہی پر لے جاتے ہوئے ملزم فواد ممتاز کو چھڑایا گیا، چار مسلح افراد نے پولیس کے پانچ اہل کاروں کو اسلحہ دکھا کر ملزم فواد ممتاز کو فرار کرایا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ سب انسپکٹر کی مدعیت میں تھانہ کاہنہ میں درج کرلیا گیا ہے، سرجن فواد ممتاز چینی، سعودی باشندوں سمیت متعدد افراد کے گردے ٹرانسپلانٹ کرچکا ہے، فواد ممتاز نے مرحوم اداکار عمر شریف کی بیٹی کا ٹرانسپلانٹ بھی کیا تھا، ملزم 2006ء سے گردوں کی غیر قانونی ٹرانسپلانٹ نیٹ ورک کا سربراہ تھا۔