نواز شریف نے پاکستان واپسی کا ٹکٹ بک کروالیا
نواز شریف 21 اکتوبر کو ابوظہبی پہنچیں گے، مینار پاکستان جلسے میں صرف لیگی قائد کا خطاب ہوگا
لندن میں خود ساختہ جلا وطنی گزارنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان واپسی کیلیے ٹکٹ بک کروالیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مطابق نواز شریف نے 21 اکتوبر کی واپسی کا ٹکٹ بک کروایا ہے، وہ براستہ ابوظبی اور پھرلاہور پہنچیں گے۔
مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کی واپسی پر مینار پاکستان پر 21 اکتوبر کو ہی جلسے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے اب ایک نئی حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مینار پاکستان میں ہونے والے جلسے سے صرف نواز شریف ہی تقریر کریں گے اور کارکنان کو بیانیہ دیں گے۔
واضح رہے کہ نواز شریف نے اس سے قبل وطن واپسی پر احتساب کی جارحانہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم شہباز شریف کے پیغام اور لیگی قیادت کے مشورے پر نواز شریف اب اُس بیانیے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔