دودھ کی سرکاری قیمت 200 روپے مقرر، شہر میں پہلے ہی 230 میں فروخت ہورہا ہے

ویب ڈیسک  منگل 3 اکتوبر 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: شہر قائد میں دودھ کی نئی سرکاری خوردہ قیمت 200 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔

کمشنر کراچی نے دودھ کی خوردہ قیمت میں 20 روپے کا اضافہ کرتے ہوئے نئی خوردہ قیمت 180 سے بڑھا کر 200 روپے لیٹر مقرر کردی ہے۔  یہ قیمت 6 فیصد چکنائی کے حامل بھینس کے دودھ کے لیے مقرر کی گئی ہے۔

کمشنر کراچی نے ڈیری فارمرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دودھ کا فارم ریٹ 180 روپے ہے  اور  ہول سیل قیمت 188 روپے   فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ شہر میں دودھ خوردہ سطح پر پہلے ہی 230 روپے لیٹر فروخت ہورہا ہے ، سرکاری قیمت میں 20 روپے اضافے سے خوردہ قیمت 250 روپے لیٹر تک پہنچ جانے  کا خدشہ ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔