بھارتی اداکارہ نشرت بھروچا اسرائیل میں پھنس گئیں

ویب ڈیسک  اتوار 8 اکتوبر 2023
نصرت بھروچا اسرائیل میں پھنس گئیں: فوٹو ویب ڈیسک

نصرت بھروچا اسرائیل میں پھنس گئیں: فوٹو ویب ڈیسک

اسرائیل: بالی ووڈ اداکارہ نشرت بھروچا فلسطینی مزاحمتی تنظیم اور غزہ کی حکمراں جماعت حماس کے آپریشن طوفان الاقصی کے دوران اسرائیل میں پھنس گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نشرت بھروچا 39 ویں ‘حائفہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول’ کے لیے اسرائیل گئی تھیں، اس فلم فیسٹیول میں اُن کی فلم ‘اکیلی’ کو منتخب کیا گیا تھا اور گزشتہ روز حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد بالی ووڈ اداکارہ وہیں پھنس گئی ہیں۔

نصرت بھروچا کی ٹیم نے بتایا کہ ‘نشرت بدقسمتی سے اسرائیل میں پھنس ہوئی ہیں، آخری بار اداکارہ سے گزشتہ روز دوپہر 12 بجکر 30 منٹ پر رابطہ ہوا تھا، اُس وقت وہ تہہ خانے میں محفوظ تھیں’۔

اداکارہ کی ٹیم نے بتایا کہ ‘اُس کے بعد، اُن سے رابطہ نہیں ہوسکا تھا لیکن آج اُن سے رابطہ ہوگیا ہے اور نشرت بھروچا کو بحفاظت اسرائیل کے ائیرپورٹ پر پہنچا دیا گیا ہے’۔

بالی ووڈ اداکارہ کی ٹیم نے مزید کہا کہ ‘ہم نشرت کو بحفاظت بھارت واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد ہی بھارت پہنچنے کے لیے اڑان بھریں گی’۔

مزید پڑھیں: آپریشن طوفان الاقصی؛ حماس کے حملوں میں 250 اسرائیلی ہلاک اور ہزار سے زائد زخمی

واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم اور غزہ کی حکمراں جماعت حماس نے آپریشن طوفان الاقصی کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل پر بڑا حملہ کردیا، کم از کم پانچ ہزار راکٹ فائر کرنے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 250 اور 1100 سے زائد زخمی ہوگئے، حکام نے اموات اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

حماس کے فوجی ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ کمانڈر محمد الضیف ’ابو خالد‘ نے آپریشن طوفان الاقصی شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے مسجد الاقصیٰ میں مسلسل اشتعال انگیزی اور فلسطینیوں پر مظالم کا جواب ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔