ریما خان کبھی کسی اسکینڈل کا شکار کیوں نہیں ہوئیں؟ وجہ سامنے آگئی

ویب ڈیسک  جمعرات 26 اکتوبر 2023
ریما خان نے 200 کے قریب فلموں میں کام کیا: فوٹو ویب ڈیسک

ریما خان نے 200 کے قریب فلموں میں کام کیا: فوٹو ویب ڈیسک

ماضی کی معروف اداکارہ ریما خان نے اپنے شوبز کیریئر میں کسی بھی قسم کے اسکینڈل کا شکار نہ ہونے کی وجہ بتادی ہے۔

ریما خان نے حال ہی میں عمران اشرف کے کامیڈی شو “مذاق رات” میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

میزبان عمران اشرف نے ریما خان سے سوال کیا کہ “وہ اپنے شوبز کیریئر میں کبھی کسی اسکینڈل یا تنازعات کا شکار کیوں نہیں ہوئیں؟” جس پر اداکارہ نے کہا کہ “میں نے ہمیشہ صرف اپنے کام پر توجہ دی اور کبھی کسی فنکار سے حسد نہیں رکھا اور نہ ہی کبھی کسی سے لڑائی جھگڑا کیا”۔

ریما خان نے کہا کہ “میں نے اپنے ہمیشہ دوسرے فنکاروں کے کام کی تعریف کی اور اپنے سے کمتر اداکاروں کو دیکھ کر کبھی خود پر غرور نہیں کیا”۔

اداکارہ نے کہا کہ “میں نے ایک کامیاب اداکارہ بننے کے لیے دن رات محنت کی اور میری خوش قسمتی یہ ہے کہ میری پہلی فلم ہی ہٹ ہوگئی تھی، اس فلم کی کامیابی نے مجھے راتوں رات اسٹار بنا دیا تھا”۔

مزید پڑھیں: ریما خان نے ‘لکس چیئرمین لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ’ اپنے نام کرلیا

ریما خان نے یہ بھی کہا کہ “میں نے کبھی اپنی ناکامی کو دل و دماغ سے نہیں لگایا اور نہ ہی کامیابی حاصل کرنے کا جنون خود پر سوار کیا، میں نے محنت کی اور اسٹار بن گئی”۔

اُںہوں نے کہا کہ “فلمی دُنیا کے بعد، اب حقیقی زندگی میں بھی کئی کردار نبھا چکی ہوں، پہلے بیٹی تھی، پھر بیوی بنی، پھر ماں بنی اور حقیقی کی زندگی کی فلم تو جاری رہے گی”۔

اداکارہ نے اپنی خوبصورتی کے حوالے سے کہا کہ “میں خود سے بہت پیار کرتی ہوں، اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کا بھی بہت خیال رکھتی ہوں، یہی میری خوبصورتی کا راز ہے”۔

واضح رہے کہ ریما خان نے فلم ’بلندی‘ سے لالی ووڈ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا، اُنہوں نے 200 کے قریب فلموں میں کام کیا، اُنہوں نے زیادہ تر پنجابی فلموں میں اداکاری کی۔

فلموں کے بعد، ریما خان نے ڈراموں میں بھی اداکاری کی، اس کے علاوہ اُنہوں نے ٹیلی وژن پر مختلف شوز کی میزبانی بھی کی۔

مزید پڑھیں: کیریئر کے عروج پر فلم انڈسٹری چھوڑ کر گھر بسالیا:ریما

ریما خان کو متعدد ایوارڈز بھی ملے ہیں، اُنہیں نگار ایوارڈز، لکس اسٹائل ایوارڈز، گریجویٹ ایوارڈز، ہم ایوارڈز سمیت یو ایس اے میں امریکاز ابروڈ میڈیا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

حکومت پاکستان نے بھی 2019ء میں ریما خان کو ‘پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ’ سے نوازا تھا جبکہ حال ہی میں ریما خان کو لکس چیئرمین لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2023ء سے نوازا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔