مودی نے الیکشن جیتنے کیلیے پلوامہ حملے کو استعمال کیا راہول گاندھی

مودی اور اس کی جماعت نے الیکشن مہم میں فوجیوں کی لاشوں کا استعمال کیا، سابق گورنر مقبوضہ کشمیر


ویب ڈیسک October 26, 2023
مودی اور ان کی جماعت نے پلوامہ کے فوجیوں کی لاشیں الیکشن مہم میں استعمال کیں، راہول گاندھی (فوٹو: ویڈیو گریب)

بھارت کی بانی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ پلوامے حملے میں فوجیوں کی اموات کو مودی اور ان کی جماعت نے ووٹرز کو لبھانے کے لیے استعمال کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق راہول گاندھی اور مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے درمیان گفتگو کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں بھارتی اپوزیشن لیڈر سابق کشمیری گورنر سے سوالات پوچھ رہے ہیں۔

گفتگو کے دوران فروری 2019 میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے خود کش حملے میں 40 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 35 کے زخمی ہونے کے واقعہ کا زکر آیا تو دونوں رہنماؤں نے اہم انکشافات کیے۔

سابق گورنر نے بتایا کہ پلوامہ حملہ اس لیے ہوا کیوں کہ سیکیورٹی فورس نے اپنی نقل و حمل کے لیے 5 طیارے مانگے تھے۔ انھیں معلوم تھا کہ زمینی سفر خطرناک ثابت ہوسکتا ہے لیکن مودی سرکار نے طیارے دینے سے انکار کردیا۔

ستیہ پال نے مزید کہا کہ اگر مجھ سے کوئی مانگتا تو میں طیارے فوراً دے دیتا۔ میں نے برف میں پھنسے طلباء کو ہوائی جہاز فراہم کیا۔ دہلی میں کرایہ پر ہوائی جہاز حاصل کرنا آسان ہے لیکن سیکیورٹی فورس کی درخواست وزارت داخلہ میں 4 ماہ تک پڑی سڑتی رہی اور پھر اسے مسترد کر دیا گیا۔

سابق گورنر نے مزید کہا کہ طیاروں کی فراہمی کی درخوست مسترد ہونے کے بعد سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے مجبوراً وہ سڑک اختیار کی جو غیر محفوظ تھی اور وہاں خود کش حملہ ہوگیا۔

اس موقع پر راہول گاندھی نے بتایا کہ جب میں دہلی کے ایئرپورٹ پہنچا جہاں سیکیورٹی اہلکاروں کی لاشیں لائی جا رہی تھیں تو مجھے ایک کمرے میں بند کردیا گیا لیکن میں کسی طرح اس سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید بتایا کہ میں نے دیکھا مودی لاشوں کے ہمراہ اپنا فوٹو سیشن کروا رہے ہیں اور ان کے چہرے پر کوئی ملال نہیں ہے۔ یہ بہت گھٹیا عمل تھا اور پھر ٹھیک 3 دن بعد الیکشن مہم میں ان تصاویر کو استعمال کیا گیا۔





راہول گاندھی نے کہا کہ ملک کی ایجنسیوں کو مودی سرکار نے مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے اور ناقد صحافیوں کو ہراساں کرنے میں مشغول رکھا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ پلوامہ جیسا حملہ ہوگیا۔

بقول راہول گاندھی میں نے اس حملے کو انٹیلی جنس کی ناکامی قرار دیا تھا لیکن مجھے کہا گیا کہ یہ بات سب کے سامنے نہ کریں۔ مجھے یہ بات کرنے سے زبردستی روکا گیا۔

راہول گاندھی اور ستیہ پال ملک نے اتفاق کیا کہ پلوامہ حملے کا سب سے زیادہ فائدہ بی جے پی کو ہوا اور مودی نے اس واقعے کو الیکشن میں اپنی مسلسل بار دوسری فتح کے لیے کیش کرایا۔

یاد رہے کہ پلوامہ میں خودکش حملے کا الزام بھارت نے پاکستان پر عائد کیا تھا لیکن اس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے تھے تاہم خود بھاتی سیاست دان متعدد بار اس حملے میں مودی سرکار کے ملوث ہونے کا اشارہ دے چکے ہیں تاکہ ہمدردیاں حاصل کرکے ووٹ حاصل کرسکیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں