امریکی ماڈل بیلا حدید نے فلسطین کیلئے خاموش رہنے پر معافی مانگ لی

بیلا حدید نے کہا کہ مجھے روزانہ قتل کی دھمکیاں ملتی ہیں


ویب ڈیسک October 27, 2023
بیلا حدید نے ایک بار پھر فلسطین کی حمایت کردی: فوٹو ویب ڈیسک

امریکی ماڈل بیلا حدید نے اسرائیل فلسطین کشیدگی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری خاموشی کے لیے مجھے معاف کر دیں۔

بیلا حدید، جنہیں فلسطین کی حمایت کرنے پر اپنی بہن جیجی حدید اور اہلخانہ سمیت اسرائیل کی جانب سے قتل دھمکیاں ملیں، اُنہوں نے ان دھمکیوں کے باوجود ایک بار پھر کُھلے الفاظ میں فلسطین کے حق میں آواز اُٹھا دی ہے۔

امریکی ماڈل بیلا حدید نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر ایک طویل نوٹ پوسٹ کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ "میری خاموشی کے لیے مجھے معاف کردیں، میں غزہ کی صورتحال دیکھ کر صدمے میں ہوں، گزشتہ کئی دہائیوں سے معصوم فلسطینیوں کی جانیں لی جارہی ہیں، میرے پاس کہنے کے لیے بہت کچھ ہے"۔







View this post on Instagram


A post shared by Bella (@bellahadid)






اُنہوں نے کہا کہ "غزہ میں فضائی حملوں کے بعد کے حالات دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، میں شدید صدمے میں ہوں، میں اُن تمام ماوْں کے لیے شدید غمزدہ ہوں جنہوں نے اپنے معصوم بچے کھودیے ہیں اور اُن بچوں کے لیے بھی دُکھی ہوں جو یتیم ہوگئے ہیں، جن کا پورا خاندان ختم ہوگیا ہے"۔

بیلا حدید نے کہا کہ "میں اُن اسرائیلی خاندانوں کے لیے بھی دُکھی ہوں جنہوں نے اس جنگ میں اپنے پیاروں کو کھودیا، میں کسی بھی شہری پر، کہیں بھی دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتی ہوں"۔

مزید پڑھیں: اسرائیل کیجانب سے قتل کی دھمکیاں؛ امریکی ماڈل جیجی حدید کا فون نمبر تبدیل

امریکی ماڈل نے یہ بھی کہا کہ " کسی بھی بچے کو، کسی بھی جگہ کے لوگوں کو ان کے خاندان سے عارضی یا غیر معینہ مدت کے لیے نہیں چھیننا چاہیے۔ یہ اسرائیلی اور فلسطینی عوام کے لیے یکساں ہے"۔

اُنہوں نے کہا کہ "دُنیا کو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ فلسطینی ہونا کیسا ہے، ایسی زمین، جو گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار ہے، جہاں قتلِ عام ہورہا ہے لیکن دُنیا فلسطین کو ہی دہشگرد قرار دیتی ہے جوکہ انتہائی غلط اور افسوسناک ہے"۔

بیلا حدید نے کہا کہ "میرا فون نمبر لیک ہو گیا تھا جس کے بعد سے مجھے روزانہ قتل کی دھمکیاں ملتی ہیں، فلسطین کی حمایت کرنے پر مجھے ااور میرے خاندان کو خطرہ لاحق ہے"۔

سُپر ماڈل نے اپنے طویل نوٹ کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں عالمی رہنماوْں پر دباوْ ڈالنے کی ضرورت ہے کہ غزہ کی مدد کی جائے اور معصوم فلسطینی شہریوں کی جانوں کی حفاظت کی جائے، میں انسانیت کے ساتھ کھڑی ہوں، امن اور تحفظ ہم سب کا ہے"۔

مزید پڑھیں: فلسطین سے اظہارِ یکجہتی؛ اذان سمیع نے اپنے میوزک البم کی ریلیز روک دی

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کے بعد امریکی ماڈل بیلا حدید اور اُن کی بہن جیجی حدید نے اپنے موبائل فون نمبرز تبدیل کردیے تھے۔

امریکی ماڈل بیلا اور جیجی حدید کے والد کا تعلق فلسطین سے ہے، اسی وجہ سے اُن کا خاندان ہمیشہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اپنی آواز بُلند کرتا ہے۔

یاد رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 7,000 سے زیادہ ہوچکی ہے جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں جبکہ سیکڑوں شہری زخمی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں