عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور انسانی حقوق کی کارکن انجلینا جولی کے فلسطین کے حق میں بیان پر ان کے والد اداکار جان ووائٹ غصے سے آگ بگولا ہوگئے۔
انجلینا جولی کے والد جان ووائٹ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ "میری بیٹی کے فلسطین کے حق میں بیان پر بہت مایوس ہوں، میری بیٹی نے اپنے اس اقدام سے مجھے مایوس کیا ہے"۔
جان ووائٹ نے کہا کہ "میری بیٹی سچائی سے لاعلم ہے، فلسطین یہودیوں کی تاریخی اور مقدس سرزمین ہے، اسرائیلی فوج اپنی سرزمین اور وہاں اپنے لوگوں کی حفاظت کررہی ہے"۔
اُنہوں نے غصے سے بھڑکتے ہوئے کہا کہ "اسرائیل پر حماس کی جانب سے حملہ کیا گیا کیونکہ وہ جانور یہودیوں، عیسائیت کا صفایا کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا، اسرائیل ہر ممکن طریقے سے اپنی مقدس سرزمین کی حفاظت کرے گا"۔
مزید پڑھیں: انجلینا جولی نے بھی غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا
انجلینا جولی کے والد نے کہا کہ "ہم سب انصاف اور محبت چاہتے ہیں لیکن یہ اُن لوگوں کے ساتھ نہیں ہو سکتا جو یہودیوں اور عیسائیوں کو دُنیا سے مٹانا چاہتے ہیں اور یہ جھوٹ ہے کہ اسرائیل بے گناہ لوگوں کو مار رہا ہے بلکہ وہ اپنی مقدس سرزمین کو پاک کررہا ہے"۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ "اس وقت غزہ میں جو کچھ بھی ہورہا ہے، اُس کا ذمہ دار صرف حماس ہے، حماس نے اسرائیل پر حملہ کرکے بہت بڑی غلطی کی"۔
مزید پڑھیں: غزہ اجتماعی قبر بنتا جارہا ہے، انجلینا جولی کی اسرائیل پر تنقید
واضح رہے کہ انجلینا جولی نے غزہ پر جاری وحشیانہ بمباری پر اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ اجتماعی قبر بنتا جارہا ہے۔
ہالی ووڈ اداکارہ نے کہا تھا کہ ایک ایسی بےبس آبادی پر وحشیانہ بمباری کی جارہی ہے جن کے پاس بھاگنے کی کوئی جگہ نہیں ہے، اُن کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے سے انکار کرکے عالمی رہنما بھی جرائم میں ملوث ہورہے ہیں۔