پاکستان فلسطین کی سفارتی حمایت جاری رکھے گا وزیراعظم کی فلسطینی صدر کو یقین دہانی

انوار الحق کاکڑ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا


ویب ڈیسک November 11, 2023
—فوٹو: اے پی پی

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطین کےصدر محمود عباس کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان فلسطین کی سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

سرکاری خبررساں ادارے 'اے پی پی' کے مطابق وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے فلسطین کے صدر محمود عباس نے ملاقات کی۔

وزیرِ اعظم نے فلسطین بالخصوص غزہ میں قابض صہیونی فوجوں کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے قتلِ عام و نسل کشی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور وزیرِ اعظم نے صدر محمود عباس کو یقین دلایا کہ پاکستان فلسطین کے لوگوں کی سفارتی و اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔

وزیرِ اعظم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا۔

انوار الحق کاکڑ نے عالمی قوتوں کی غزہ میں جاری بربریت پر خاموشی کو شرمناک قرار دیا۔ وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ عالمی قوتیں غزہ میں جنگ بندی، نہتے فلسطینیوں بالخصوص معصوم بچوں کے قتل عام کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے غزہ میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی اور اشیاء ضروریہ و طبی امداد کی فراہمی کیلئے راہداری کے قیام کا مطالبہ کیا۔

صدر محمود عباس نے پاکستان کا اس مشکل وقت میں فلسطینیوں کا ساتھ دینے اور غزہ کے محصور مسلمانوں کیلئے امداد بھیجنے پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں