لاہور ہائیکورٹ کا بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو رہا کرنے کا حکم
ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل کی درخواست ضمانت کی مخالفت، عدالت کی ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت
ہائی کورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
زمین پر قبضے اور ناجائز تعمیرات سے متعلق کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس علی باقر نجفی نے کی، جس میں عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوے خاور مانیکا کی رہائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے درخواست گزار کوایک لاکھ روپے کے مچلکے بطور ضمانت داخل کرانے کی ہدایت کر دی ۔
یہ خبر بھی پڑھیں: خاور مانیکا کو دبئی جانے سے روک دیا گیا، اینٹی کرپشن نے گرفتار کرلیا
دوران سماعت ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔ پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ تفتیش میں درخواست گزار گناہ گار ہے۔ اوقاف ڈیپارٹمنٹ کی ذمے داری تھی کہ وہ اراضی کو تحویل میں لے لیتی ۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ اینٹی کرپشن حکام نے خاور فرید مانیکا کو قبرستان کی زمین پر قبضے کے کیس میں گرفتار کر رکھا ہے۔ خاور فرید مانیکا پر قبرستان کی زمین پر ناجائز تعمیرات کا الزام ہے۔ اینیٹی کرپشن حکام نے خاور فرید مانیکا کو 25 ستمبر کو گرفتار کیا ۔ عدالت رہائی کے لیے درخواست ضمانت منظور کرے۔
بعد ازاں عدالت نے خاور فرید مانیکا کی درخواست منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔