’’ہمارے گھر میں خواتین کا راج تھا والد بھی ڈرتے تھے‘‘
میری بہنیں مجھے سپورٹ نہ کرتیں تو میں کرکٹر نہیں بن سکتا تھا، سابق کپتان
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ہمارے گھر میں خواتین کا راج تھا اور میری طرح والد بھی ڈرتے تھے۔
فخر عالم کے ساتھ نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ میں شعیب ملک نے اپنی زندگی کے بارے میں مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ '' میری بہنیں مجھے اسکول بھیجتی تھیں جبکہ والد کرکٹ کے حوالے سے مجھے سپورٹ کرتے تھے اور اُن کی کوشش تھی کہ 'گیارہ' میں میرا بھی نام ہو''۔
شعیب ملک نے بتایا کہ میں گھر سے اسکول کے بیگ میں کٹ چھپا کر لے جاتا تھا اور اس بارے میں والد جانتے تھے مگر بہنوں کو علم نہیں تھا، البتہ جب میں پکڑا جاتا اور مار پڑتی تھی تو والد بیچ میں نہیں آتے تھے جس پر مجھے اندازہ ہوا کہ وہ بھی میری طرح ڈرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ 2024؛ شعیب ملک نے ٹیم کیلئے اپنی دستیابی کا اعلان کرکے تہلکہ مچادیا
آل راؤنڈر نے برملا کہا کہ 'ہمارے گھر میں خواتین کا ہولڈ تھا' ہم نے بہت مشکل حالات دیکھے اور کم آمدن میں گھر چلتا تھا، میری دونوں بہنوں نے ملازمتیں کر کے گھر کیلیے سب کچھ کیا۔
شعیب ملک نے کہا کہ ''اگر میری بہنیں مجھے سپورٹ نہ کرتیں تو میں کرکٹر نہیں بن سکتا تھا''۔