ٹیکنالوجی کمپنی گوگل جلد ہی عالمی سطح پر غیر فعال اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ کرنے کا عمل شروع کر دے گی۔ گوگل کی جانب سے شروع کیے جانے والے اس آپریشن میں اکاؤنٹ میں موجود کروڑوں تصاویر، فائلیں اور ای میل ڈیلیٹ کر دی جائیں گی۔
جی میل سروس متعارف کرائے جانے کے بعد سے اربوں گوگل اکاؤنٹ بنائے گئے ہیں۔ اکاؤنٹ کے ساتھ کمپنی کی جانب سے جی میل، یوٹیوب، سرچ اور گوگل ڈرائیو جیسے اضافی فیچر تک رسائی بھی دی گئی۔
تاہم، ان کاؤنٹس میں بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو کافی عرصے سے غیر فعال ہیں اور ان کے متعلق گوگل کا کہنا ہے کہ یہ سیکیورٹی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے اور ان غیر فعال اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنا دیگر صارفین کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے عمل کا ایک حصہ ہے۔
کمپنی کے مطابق ان پرانے اور غیر فعال اکاؤنٹس کو جرائم پیشہ افراد ہیک کر کے غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے گوگل نے ان تمام اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے گوگل کی جانب سے یہ پالیسی رواں برس کے ابتداء میں متعارف کرائی گئی تھی جس کا اطلاق 2023 کے دسمبر سے ہونا تھا۔
گوگل کے پروڈکٹ منیجمنٹ کے نائب صدر روتھ کریشلی نے گزشتہ مئی میں بلاگ اسپاٹ میں لکھا تھا کہ کمپنی گوگل اکاؤنٹ کے لیے غیر فعلیت کی پالیسی میں دورانیے کو دو سال تک بڑھا رہی ہے۔
گوگل کی جانب سے یہ اقدام فعال صارفین کو فشنگ اسکیم (جعلسازی) اور اکاؤنٹ ہائی جیکنگ سے بچانا ہے۔