امریکا کے سابق وزیرِ خارجہ ہنری کسنجر 100 سال کی عمر میں چل بسے

ہنری کسنجر کوئی عہدہ نہ رکھنے کے باوجود اپنی وفات تک وائٹ ہاؤس میں میٹنگ میں شریک رہے


ویب ڈیسک November 30, 2023
ہنری کسنجر امریکا میں صدر رچرڈ نکسون کے دور میں مشیر قومی سلامتی اور وزیر خارجہ رہے، فوٹو: فائل

امریکا کے نوبیل انعام یافتہ سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر مختصر علالت کے بعد 100 کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کرنے والے ہنری کسنجر کا انتقال ریاست کنیکٹی کٹ میں ان کے گھر میں ہوا اور 100 عمر ہونے کے باوجود وہ اپنی وفات تک متحرک زندگی گزارتے رہے۔

کوئی حکومتی عہدہ نہ ہونے کے باوجود وہ وائٹ ہاؤس کی میٹنگ میں شرکت کرتے رہے اور رواں برس ہی ہنری کسنجر نے چین کا دورہ کیا تھا اور صدر شی جنپنگ سے ملاقات کی تھی۔ چین میں انھیں سرکاری مہمان کی حیثیت دی گئی تھی۔

27 مئی 1923 میں پیدا ہونے والے ہنری کسنجر کا شمار امریکا کے لائق و فائق اور نہایت قابل احترام سفارت کاروں میں ہوتا ہے۔ کئی کتابیں لکھیں، امریکی خارجہ پالیسی کی سمت کا تعین کیا اور کئی بنیادی تبدیلیاں کیں۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ درس و تدریس میں مشغول ہوگئے اور بعد ازاں جنوری 1969 میں صدر رچرڈ نکسون کے دور میں 6 سال تک مشیر قومی سلامتی کا اہم عہدہ سنبھالا۔

رچرڈ نکسون کے دور حکومت میں ہی 1973 میں انھیں قومی سلامتی کے مشیر سے ترقی دیکر وزیر خارجہ بنا دیا گیا اور اگلے 4 برس تک یہ اہم ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرتے رہے۔

اپنے دور میں ہنری کسنجر نے روس سے ہتھیاروں کا معاہدہ، چین سے تعلقات، اسرائیل عرب مممالک معاہدہ اور ویت نام جنگ سے شکست خوردہ امریکا کو نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ہنری کسنجر متنازع بھی رہے تاہم مجموعی طور پر انھوں نے دنیا سے امریکا کے سفارتی تعلقات میں انمٹ نقوش چھوڑے جس کے نقش قدم پر امریکی خارجہ پالیسی آج بھی کھڑی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں