دس سال میں خیبر پختونخوا کو کنگال کردیا گیا مریم نواز
صوبے کے غیرت مند عوام کو ریاست سے لڑانے کی سازش کی گئی، سینئر نائب صدر ن لیگ
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ دس سال میں خیبر پختونخوا کو کنگال کردیا گیا، صوبے کو مسلم لیگ (ن) کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
خیبرپختون خواہ کے یوتھ کوآرڈینیٹرز سے ملاقات کے دوران مریم نواز نے کہا کہ دس سال میں خیبرپختونخوا کو کنگال صوبہ بنادیا گیا۔ صوبے کے پاس تنخواہیں اور پینشن دینے کے پیسے نہ رہے، بی آرٹی اور بلین ٹری سونامی کے نام پر بدترین کرپشن کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نامراد تبدیلی پاکستان اور خیبرپختونخوا کو ڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی، پورے پاکستان میں سب سے پہلے خیبرپختونخوا کو صحت کارڈ نوازشریف نے 2016 میں دیا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختون خوا کے غیرت مند اور وفاشعار عوام کو ریاست سے لڑانے کی سازش کی گئی۔ 190 ملین پاﺅنڈ لوٹنے والوں نے خیبرپختون خوا اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کرلئے۔ خیبرپختون خوا کی دس سال کی محرومیاں دور کریں گے۔