پشاور ڈالر کی اسمگلنگ میں ملوث کسٹمز انسپکٹر سمیت 2 ملزمان گرفتار

ملزم کا روزانہ لاکھوں ڈالرز اسمگلنگ کا انکشاف، کمیشن کی رقم کسٹمز حکام کے حوالے کی جاتی تھی، مزید تفتیش جاری


ویب ڈیسک December 01, 2023
ملزمان کو طورخم بارڈر پر واقع فارن کرنسی ڈیکلیریشن پوائنٹ سے گرفتار کیا گیا

ڈالر کی اسمگلنگ میں ملوث کسٹمز انسپکٹر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل پشاور سعد اللہ کی ہدایت پر چھاپا مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ڈالر کی سمگلنگ میں ملوث منظم گینگ گرفتار گرفتار کرلیا۔ کسٹمز انسپکٹر سمیت 2 ملزمان کی گرفتاری انٹیلی جنس اداروں کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو طورخم بارڈر پر واقع فارن کرنسی ڈیکلیریشن پوائنٹ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان میں کسٹمز انسپکٹر واجد اور اسفند یار شامل ہیں۔ ملزم کسٹمز انسپکٹر واجد طورخم بارڈر پر تعینات تھا جب کہ ملزم اسفندیار کسٹمز حکام کی ملی بھگت سے غیر قانونی طریقے سے ڈالر کی کلیئرنگ میں ملوث تھا۔

دوران تلاشی ملزم اسفند یار سے ایک لاکھ 23 ہزار امریکی ڈالر برآمد ہوئے۔ دوران تفتیش ملزم نے روزانہ کی بنیاد لاکھوں ڈالرز کی اسمگلنگ کا انکشاف کیا۔ گرفتار ملزم اسفندیار متعدد ایجنٹوں کے ساتھ رابطے میں تھا۔ ملزم ایجنٹوں سے طورخم بارڈر پر واقع کسٹمز کے دفاتر میں ڈالر وصول کرتا تھا۔ ملزم ایک لاکھ ڈالر کی اسمگلنگ کی عوض 50 ہزار روپے کمیشن وصول کرتا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق کمیشن کے نام پر حاصل کردہ رقم کسٹمز حکام کے حوالے کی جاتی تھی۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں