اپنے گھر کی فکر کریں کل کسی اور کی آڈیو بھی لیک ہو سکتی ہے علیمہ خانم
پہلے انہوں نے چار دیواری کے اندر جاکر عورتوں کی بے حرمتی کی، اب گھسیٹ کر باہر لے آئیں گے ان کا تماشا بنائیں گے، گفتگو
چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم نے کہا ہے کہ اپنے گھر کی فکر کریں، کل کو کسی اور کی آڈیو بھی لیک ہو سکتی ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خانم نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وکیل لطیف کھوسہ کی آڈیو لیک سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اپنے گھر کی فکر کریں، کل کسی اور کی بھی آڈیو لیک ہو سکتی ہے۔
علیمہ خانم کا کہنا تھا کہ امریکا میں پریذیڈنٹ کو نااہل کردیا تھا کہ کسی کی پرائیویسی میں آپ نہیں جاسکتے۔ ہماری شرم اور حیا ختم ہوتی جا رہی ہے۔ لوگوں کے گھروں میں گھس رہے ہیں۔ پہلے انہوں نے چار دیواری کے اندر جاکر عورتوں کی بے حرمتی کی، اب عورتوں کو گھسیٹ کر باہر لے آئیں گے ان کا تماشا بنائیں گے۔
عمران خان کی بہن کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی ساس کی آڈیو نکال لائے، اس طرح تو شرم و حیا ختم ہو جائے گی۔ کل آپ کی بیگم کی بھی ہم سن رہے ہوں گے۔