پاکستان ویمنز ٹیم نے تاریخی کامیابی سمیٹ لی کیویز کیخلاف پہلی جیت

قومی ویمنز ٹیم نے پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کو ہرادیا، فاطمہ ثنا کی شاندار بالنگ


ویب ڈیسک December 03, 2023
قومی ویمنز ٹیم نے پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کو ہرادیا، فاطمہ ثنا کی شاندار بالنگ (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان ویمنز ٹیم نے تاریخ میں پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کو شکست دیدی، فاطمہ ثنا کی شاندار بالنگ اور شوال ذوالفقار کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے کیوی ویمنز کے خلاف کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈنیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان ویمنز ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف 9 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں یہ پہلی کامیابی ہے۔

پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن فاطمہ ثنا کی شاندار بولنگ نے اسے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر127 رنز تک محدود کردیا، فاطمہ ثنا نے صرف 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

میزبان ٹیم کی اننگز میں میڈی گرین نے پانچ چوکوں کی مدد سے43 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں، سوزی بیٹس نے دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز اسکور کیے۔

پاکستان ویمنز نے 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

پاکستان ویمنز کی اوپنرز شوال ذوالفقار اور منیبہ علی نے40 رنز کا عمدہ آغاز کیا، منیبہ علی 4 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، شوال ذوالفقار نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 رنز اسکور کیے ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے کپتان ندا ڈار کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 51 رنز کا اضافہ کیا۔ ندا ڈار نےایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے23 رنز اسکور کیے۔



عالیہ ریاض نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے بارہ گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے25 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔ بسمہ معروف نے ایک چوکے کی مدد سے13 رنز اسکور کیے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئیں۔

نیوزی لینڈ ویمنز کی طرف سے سوفی ڈیوائن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی20 منگل کے روز اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا ٹی20 انٹرنیشنل 9 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن میں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں