ملکی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل 190 ملین پاؤنڈ کیس ہے نواز شریف

دوسروں کو چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور نکلا، زبانی کلامی ریاست مدینہ کی بات کرنے والے کو اخلاقیات کا پتا ہی نہیں


ویب ڈیسک December 08, 2023
نواز شریف ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے (فوٹو : پی ایم ایل این)

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل 190 ملین پاؤنڈ کیس ہے جس میں دوسروں کو چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور نکلا۔

ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کچھ تکالیف کا زندگی میں ازالہ ہوجاتا ہے، کچھ زخم نہیں بھرتے، بہت سارے لوگوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے وقت اچھا بھی آیا اور کچھ کم اچھا بھی آیا وقت کو برا نہیں کہنا چاہیے اتار چڑھاؤ زندگی کا حصہ ہیں، ہم نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ خواہش ہے پاکستان کو مشکلات کے گرداب سے باہر نکالا جائے، خواہش ہے پاکستان کو ترقی کی راہ پر دوبارہ لایا جائے، سیاست میں آنے والے لوگ ملک و ملت کی ترقی کا مشن لے کر آئیں، عوام کی تقدیر بدلنے کا جذبہ لے کرعملی سیاست میں قدم رکھیں، خدمت کا جذبہ ہوگا تو ملک کی تقدیر ضرور بدلے گی، جو بھی سیاسی میدان میں آئے اسے سوچنا چاہیے کہ ملک کے لیے کچھ کرنا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ ہماری بدنصیبی ہے کہ 75 سال سے کھیل کھیلے جاتے رہے، ملکی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل 190 ملین پاؤنڈ کا ہے جس میں دوسروں کو چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور نکلا، زبانی کلامی ریاست مدینہ کی بات کرنے والے کو اخلاقیات کا کچھ پتا ہی نہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ کھلنڈرے کو معیشت اور عالمی تعلقات کا کچھ پتا نہیں تھا، بند لفافہ لہرا کر کہا گیا کہ اس پر دستخط اور منظوری دے دو، ملک کا 60 ارب کھا جاؤ گے تو بجلی مہنگی نہیں ہوگی تو کیا ہوگا، ملک میں ایسا کھلنڈرا لایا گیا جس نے یہ حال کیا۔

انہوں ںے مزید کہا کہ ہم پر الزام لگاتے ہیں کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اور ہمیں نکال دیا گیا، آپ نے ظلم ڈھایا لیکن ازالہ کرتے کرتے کتنے سال لگ گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں